قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے روز کا کھیل مکمل

سنٹرل پنجاب کے محمد اخلاق کی سنچری جبکہ سدرن پنجاب کے مینٹور ذوالفقار بابر کی 5 وکٹیں

اتوار 15 ستمبر 2019 00:25

لاہور۔14 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں فیصل آباد میں کھیلے جانے والے میچ میں سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے محمد اخلاق اور علی زریاب پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 108 رنز کی شراکت قائم کی۔علی زریاب 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تاہم اوپنر محمد اخلاق نے 135 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

ان کی اننگ میں 11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ جس کے بعد سدرن پنجاب کے باؤلرز نے میچ میں قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم کومقررہ83 اوورز میں 253 رنز پر ڈھیر کردیا۔سدرن پنجاب کی جانب سے مینٹور ذوالفقار بابر نے 5 جبکہ آغا سلمان نی3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں سدرن پنجاب کی جانب سے مختار احمد اور ذیشان اشرف نے اننگ کا آغاز کیا۔

دن کے اختتام تک مہمان ٹیم نے 4.3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 4 رنز اسکور کیے تھے۔ناردرن اور خیبرپختوانخوا کی سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا۔ مہمان ٹیم کے کپتان خوشدل شاہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ناردرن کرکٹ ٹیم کی جانب سے کپتان فیضان ریاض کے علاوہ کوئی بلے باز نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہا۔

کپتان نے 190 گیندوں پر 156 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ فیضان ریاض کی اننگ میں 20 چوکے شامل تھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں جمال انور نے 41 اور عمیر خان نے 31 رنز اسکور کیے۔میچ میں خیبرپختوانخوا کی جانب سے خالد عثمان نے 70 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دوسری جانب خیبرپختوانخوا نے دن کیاختتام تک 5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 26 رنز بنائے تھے۔

بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان میچ این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔ بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کارگر ثابت نہ ہوسکا۔ مہمان ٹیم 70.1 اوورز میں 183 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر اویس ضیاء نے 71 رنز بنائے۔ بلوچستان ٹیم کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ سندھ کی جانب سے حسن خان نے 34 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دانش عزیز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سندھ کی ٹیم نے پہلے روز کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 55 رنز بنائے۔ رمیز راجہ جونیئر اور سعد خان سندھ کی جانب سیدوسرے دن کھیل کا آغاز کریں گے۔