مقبوضہ کشمیر میں جو ہورہا ہے اس پر توجہ دینا ضروری ہے،امریکی رکن کانگریس

امریکی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کشمیر پر جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد سماعت کریگی، بریڈ شرمین کی گفتگو

اتوار 15 ستمبر 2019 12:20

کیلی فورنیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے کہاہے کہ امریکا کی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرجلد سماعت کرے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیامیں پاکستانی نڑاد امریکی ڈاکٹر آصف محمود کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک تقریب میں ذیلی کمیٹی کے چیئرمین رکن کانگریس بریڈشرمین بھی شریک ہوئے جہاں انہوں نے کشمیری رہنماوں سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر بریڈ شرمین نے کہا کہ کشمیریوں کا اپنے عزیزوں سے رابطہ نہیں ہے، وہاں مریضوں کا علاج ممکن نہیں ہے تاہم ہمیں امید ہے کہ بھارت خوراک، ادویات کی فراہمی اور کمیونی کیشن بحال کرے گا۔بریڈشرمین نے کہا کہ کشمیریوں نے بتایا ہے کہ وہاں اپوزیشن تک کو پابندیوں کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ذیلی کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی مقبوضہ کشمیر پر سماعت یواین جنرل اسمبلی اجلاس کے بعد ہوگی جس میں اعلیٰ حکام کی شرکت سے متعلق محکمہ خارجہ کے جواب کا انتظار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہیے، امریکا دنیا بھر میں انسانی حقوق کے مسائل پرتوجہ مرکوز رکھتا ہے۔بریڈشرمین نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو ہورہا ہے اس پر توجہ دینا ضروری ہے، ہماری فوری توجہ مقبوضہ کشمیر میں درپیش مسائل اور انسانی حقوق پر ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کی سماعت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پردنیا کی توجہ دلانیکی کوششوں کا حصہ ہے اور سماعت کے وقت تک حالات بہتر نہ ہوئے تو صورتحال بدترین ہوسکتی ہے۔بریڈشرمین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تمام امریکیوں کو بھی تشویش ہونی چاہیے۔