افغانستان میں دھماکہ،پرتشددواقعات میں نو سیکورٹی اہلکاروں سمیت 12افرادہلاک

کیپسا میں والی بال میچ کے دوران دھماکہ،قندھار میں دوپولیس اہلکاروں نے اپنے ہی نوساتھی افسروں کو ہلاک کردیا،حکام

اتوار 15 ستمبر 2019 12:40

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) افغانستان میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے اور مشرقی صوبے کپیسا میں ایک بم دھماکے میں تین شہری ہلاک ہوگئے ادھر جنوبی صوبہ قندھار میں دو پولیس اہلکاروں نے ایک چیک پوائنٹ پر فائرنگ کرکے اپنے ہی نو ساتھی افسروں کو ہلاک کردیا ہے۔طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے اس اندرونی حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان وزارت دفاع کے ترجمان نصرت رحیمی نے جاری ایک بیان میں کہاکہ افغانستان میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے اور مشرقی صوبے کپیسا میں ایک بم دھماکے میں تین شہری ہلاک ہوگئے ۔افغان وزارت دفاع کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق بم دھماکا والی بال کے ایک میچ کے دوران میں ہوا اور اس میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب افغان حکام کے مطابق جنوبی صوبہ قندھار میں دو پولیس اہلکاروں نے ایک چیک پوائنٹ پر فائرنگ کرکے اپنے ہی نو ساتھی افسروں کو ہلاک کردیا ۔

افغان حکام کے مطابق ضلع شاہ ولی کوٹ میں جمعہ کی شب پولیس اہلکاروں پر یہ حملہ کیا گیا تھا اور اس کے بعد دونوں حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے اس اندرونی حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔