بہاولنگر ‘حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان غلام رسول مکمل فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

کمانڈر 57 بر گیڈ وسیم عارف راجہ نے صدر پاکستان ،چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں

اتوار 15 ستمبر 2019 12:45

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) بہاولنگر حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان غلام رسول کی نماز جنازہ اداء کر دی گئی ۔نماز جنازہ بہاولنگر کے گائوں باغبان پورہ میں اداء کی گئی تفصیلات کے مطابق حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان غلام رسول کی نماز جنازہ گزشتہ روز انکے آبائی گائوں باغبان پورہ میں اداء کی گئی نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر بہاولنگر شعیب خان جدون ،ڈی پی او بہاولنگر محمد انور کھیتران ،آرمی افسران ،آرمی اہلکاران سیاسی و سماجی شخصیات اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شر کت کی ۔

نماز جنازہ کے بعد شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ انکے آبائی گائوں کے مر کزی قبر ستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کمانڈر 57 بر گیڈ وسیم عارف راجہ نے صدر پاکستان ،چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں شہید غلام رسول کے لواحقین میں والدہ ،والدہ ،اہلیہ اور دو بچے شامل ہیں ۔شہید حافظ قرآن تھے اور 9سال قبل پاک آرمی میں شمولیت اختیار کی تھی شہید کے نماز جنازہ کے موقع پر پاکستان زندہ باد ،کشمیر بنے گا پاکستان کے زبردست با آواز نعرے بلند کئے گئے ۔

شہید غلام رسول کے والد احمد دین نے این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے کی شہادت پر فخر ہے اور اس بات پر اللہ تعالیٰ کا مشکور ہوں کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے ایک شہید بیٹے کا والد ہونے کا اعزاز عطاء کیا ہے اور میں اپنے دوسرے دو بیٹوں کو بھی پاک آرمی میں بجھوا کر ملک وقوم پر قربان کرنے کی آرزو رکھتا ہوں ۔