قومی ائیرلائن کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

جدہ جانیوالی پرواز کے انجن میں ٹیک آف کرتے ہی آگ لگ گئی ،ہنگامی لینڈنگ

اتوار 15 ستمبر 2019 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) قومی ائیرلائن کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، جدہ جانے والی پرواز کے انجن میں ٹیک آف کرتے ہی آگ لگ گئی جس پر پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت ملتے ہی فلائٹ کو واپس لاہور ائر پورٹ پر اتار لیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کا لاہورسے جدہ جانے والا بوئنگ 777طیارہ ٹیک آف کے بعد جیسے ہی لاہور کی حدود سے باہر نکلا تو انجن نمبر ایک میں آگ لگ گئی، پائلٹ نے فوری طور پر کنٹرول ٹاور سے مدد طلب کی جسے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔

پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو ایک انجن کی مدد سے واپس ائیرپورٹ پر اتار لیا جہاں ہنگامی حالت نافذ تھی- ریسکیو عملے نے طیارے کو گھیرے میں لے کر آگ پر قابو پا لیا -پی آئی اے ذرائع کے مطابق طیارے میں 200 سے زائد مسافر سوار تھے۔ انجینئرنگ عملے نے بوئنگ 777کو چیک کیا اور انجن میں آگ لگنے کی وجہ شاٹ سرکٹ بتائی ۔