ہرنائی، عوام کے مسائل اور انہیں میرٹ پر روزگار فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہوں، صوبائی وزیر نورمحمد خان دمڑ

اتوار 15 ستمبر 2019 14:50

ہرنائی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ اینڈ واسا حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ بی اے پی صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے اور پسماندہ اضلاع و علاقوں کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہر پلیٹ فارم پر ہرممکن اقدامات کررہی ہے، حلقہ انتخاب زیارت و ہرنائی کی ترقی اور روزگارکی فراہمی پر ماضی کی حکومتوں نے کوئی توجہ نہیں دیا ہے اب ایسا نہیں ہوگا، زیارت و ہرنائی کے نوجوانوں کو بلا تعصب رنگ نسل اور ہرقسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر میرٹ پر روزگار فراہم کرینگے، پارٹی کارکن عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور پارٹی کی فعالی کیلئے پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہرنائی پارٹی کے سنیئر رہنماء سید شادی گل بخاری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حلقے کے دونوں اضلاع کے غریب عوام کے بہتر مستقبل کے لئے ہر پلیٹ فارم پر جدوجہد کرکے حلقہ انتخاب کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہوں، عوام نے جواعتماد کیا ہے اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔