وزیر آبپاشی خیبر پختونخوا نے ضلع کرک میںساڑھی36کروڑ روپے لاگت کے آبپاشی بند کاسنگ بنیاد رکھ دیا

اتوار 15 ستمبر 2019 15:30

پشاور۔15ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) وزیر آبپاشی خیبر پختونخوا لیاقت خان خٹک نے ضلع کرک میںساڑھے 36کروڑ روپے لاگت کے آبپاشی بند کاسنگ بنیاد رکھ دیا جس کے ذریعے ترخہ الگڈہ کے نمکین پانی کا رخ کاشو الگڈہ کی طرف موڑ دیاجائے گا۔یہ بند593 میٹرلمبا،9 میٹر اونچا اور6 میٹرچوڑاہوگا اوراس سے کرک کے 6 ہزار7سو50 ایکڑ اراضی کی سیراب ہوگی۔

ضلع کرک کے عوام کی کئی عشروں پر محیط کاوشوں کا یہ اہم منصوبہ 3سال میں مکمل ہوگاجس کا تمام تر کریڈٹ موجودہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت خصوصاًوزیر آبپاشی لیاقت خٹک کے سر ہے جن کی ذاتی کوششوں سے آج یہ ممکن ہوا۔افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک ،سابق صوبائی مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم،محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام ،عمائدین علاقہ اور عام لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پروزیر آبپاشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت کو ضلع کرک میں پانی کی کمی کی شدت کا احساس ہے اوراس اہم مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ضلع کرک میں 26ڈیموں کی فزیبلٹی مکمل ہوچکی ہے اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں مزید سروے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔ہماری پوری کوشش ہوگی کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کرک میں آبپاشی اور آبنوشی کے زیادہ سے زیادہ منصوبے شروع کئے جائیں تاکہ یہاں پر پانی کی کمی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔

بعد ازاں انہوں نے زڑہ گانڈی میں عوامی اجتماع جبکہ پریس کلب کرک میں میٹ دی پریس پروگرام میں بھی شرکت کی ۔انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کے جوابات بھی دئیے اور انہیں کرک کی ترقی و خوشحالی کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے یقین دلایاکہ وہ کرک کی ترقی کیلئے اپنے آبائی ضلع نوشہرہ کی طرح کوشش کریںگے۔