7 گیندوں پر لگاتار 7 چھکے ، افغان کرکٹرز نے نئی تاریخ رقم کردی

محمد نبی نے چٹارا کی 4 گیندوں پر لگاتار 4 چھکے مارے، نجیب اللہ نے نیول مود جیوا کو لگاتار تین چھکے جڑ دیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 15 ستمبر 2019 15:52

7 گیندوں پر لگاتار 7 چھکے ، افغان کرکٹرز نے نئی تاریخ رقم کردی
ڈھاکہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15ستمبر2019ء) بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے کے مابین جاری سہہ ملکی ٹی 20 سیریز کے دوران افغان بلے بازوں نے اس وقت پوری دنیا کو حیران کردیا جب انہوں نے 7 گیندوں پر لگاتار 7 چھکے جڑے۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں لگاتار 6 چھکے تو لگ چکے ہیں لیکن 7 چھکے پہلی بار مارے گئے ہیں۔زمبابوے کے خلاف میچ کے دوران افغان بلے باز محمد نبی نے چٹارا کی 4 گیندوں پر لگاتار 4 چھکے مارے۔

اوور کے اختتام پر اینڈ تبدیل ہوا تو سامنے نجیب اللہ آئے جنہوں نے نیول مود جیوا کو لگاتار تین چھکے جڑ دیے۔ زمبابوین بلے بازوں کو 7 گیندوں پر 7 چھکے پڑے تو یہ اپنی نوعیت کا منفرد ریکارڈ بن گیا ، کیونکہ اس سے پہلے کرکٹ کے اس فارمیٹ میں کبھی بھی یہ کارنامہ سر انجام نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈھاکہ میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوین کپتان ہملٹن مسکڈزا نے ٹاس جیت کر پہلے افغانی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو افغانستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 197 رنز بنائے، رحمان اللہ اور حضرت اللہ زیزئی نے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا، یہاں پر ٹنڈئی چتارا نے حضرت اللہ کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، وہ 13 رنز بنا سکے، اگلے اوور میں سین ولیمز نے رحمان اللہ کوبھی پویلین بھیج دیا، انہوں نے 43 رنز بنائے، نجیب تراکئی اور اصغر افغان 14، 14 رنز بنا سکے، 90 کے سکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد نجیب اللہ زدران اور محمد نبی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب درگت بنائی اور 107 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، محمد نبی 38 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، نجیب اللہ 69 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، چتارا اور ولیمز نے 2، 2 اور اینسلے نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں زمبابوین ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 169 رنز بنا سکی، ریجس چاکبوا 42 اور کائل جروس 15 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، برینڈن ٹیلر 27، کپتان مسکڈزا 3، کریگ ایرون 10، ٹینو ٹینڈا 20، ریان برل 25 نیولی 15 اور سین ولیمز بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، فرید احمد اور راشد خان نے 2، 2 کریم جنت اور گلبدین نائب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔