شہید لانس نائیک محمد شعیب سواتی مانسہرہ کے گائوں گھانیاں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

اتوار 15 ستمبر 2019 16:15

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) لوئر دیر میں پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کے دوران 4 ساتھیوں سمیت شہید ہونے والے لانس نائیک محمد شعیب سواتی کو ضلع مانسہرہ کے گائوں گھانیاں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔لانس نائیک محمد شعیب سواتی کا تعلق مانسہرہ کی تحصیل اوگی کے گائوں گھانیاں سے ہے، شہید کی میت رات گئے گائوں گھانیاں پہنچی تھی۔

(جاری ہے)

شعیب محمد سواتی کے جسد خاکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں پاک فوج اور ایف سی کے افسران اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔پاک آرمی کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے ان کی قبر پر پھول رکھے گئے۔شہید شعیب سواتی نے پسماندگا ن میں بیوہ سمیت دوبیٹے اوردوبیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں، شہید کے والد ایف سی سے جبکہ سسرآرمی سے ریٹائرڈ ہیں اور دوسرا بھائی بھی ایف سی میں ملازم ہے۔شہید کے والد نے بیٹے کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا ہے۔