افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان میں امن کا قیام ممکن نہیں،دونوں ملکوں کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہے

خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مذاکراتی عمل کی بحالی ضروری ہے، روس اور چین و امریکہ سمیت پاکستان کو میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے،امیر حیدر خان ہوتی

اتوار 15 ستمبر 2019 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مذاکراتی عمل کی بحالی ضروری ہے ۔ روس،چین و امریکہ سمیت پاکستان کو اس مذاکراتی عمل میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان میں امن کا قیام ممکن نہیں،دونوں ملکوں کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہے، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ سرحد کے دونوں جانب پختونوں کا بہت خون بہہ چکا ہے لہٰذا اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے، انہوں نے امن مذاکرات میں اصل فریق افغان حکومت اور افغانستان کی دیگر نمائندہ قوتوں کی شرکت پر زور دیا اور کہا کہ مذاکرات میں امریکہ فریق بننے کی بجائے ثالث کا کردار ادا کرے،انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی شرکت کے بغیر مذاکراتی عمل بے سود ثابت ہوگا،ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں،کشمیر میں کرفیو ختم کر کے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے، انہوں نے کہا کہ بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو ملک کے دفاع کیلئے حکومت سے پہلے اپوزیشن جماعتیں میدان میں ہونگی، اکتوبر میں ہونے والے احتجاج بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے لئے خود مسائل پیدا کر رہی ہے اسے کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔