راولپنڈی میں قبضہ گروپوں کے خلاف بے رحم آپریشن کا فیصلہ

شہریوں کو ناجائز قابضین بارے ڈپٹی کمشنر کو ہیلپ لائن یا ای میل پرشکایات درج کرانے کی ہدایت

اتوار 15 ستمبر 2019 16:55

راولپنڈی 15ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) ضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیا ز کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ،ضلع راولپنڈی کی حدود میں قبضہ مافیا کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کردیا گیا ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس ضمن میں قبضہ گروپوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنی شروع کردی ہیں ۔

حکام نے قومی خبر ایجنسی کوبتایاکہ زمینوں پر ناجائز قبضے کی بابت عوام سے براہ راست معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور انہیں قبضہ مافیا کے بارے میں تفصیلات ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے اور متنازعہ زمین /جائیداد کا سول عدالت میں کوئی کیس زیر سماعت نہیں تو متاثرہ شخص کو زمین کا قبضہ واپس دلانے کے لیے ضلعی مشینری حرکت میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیاب معلومات کے مطابق گذشتہ کچھ عرصہ سے چکری روڈ ،اڈیالہ روڈ و دیگر علاقوں میں قبضہ مافیا کی سرگرمیاں زور پکڑ گئی تھیں اور مبینہ قبضہ گروپوں نے اسلحے کے زور پر متعدد شہریوں سے ان کی اراضی زبردستی لے لی تھی ۔اس بابت وزیر اعلیٰ شکایات سیل پر شکایات کی موصولی اور دیگر ذرائع سے حقائق منظر عام پر آنے کے بعد راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کو قبضہ گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔قبضہ گروپوں کے خلاف اطلاعات کے لیے ڈپٹی کمشنر کو ہیلپ لائن 051-9292528یا 051-9292732پر شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں جبکہ بذریعہ ای میل معلومات کی فراہمی [email protected]پر کی جاسکتی ہے ۔