تاجر حضرات انکم ٹیکس ریٹرن کی نقل اپنے پاس ضرور محفوظ رکھیں‘ میاںسلیم

اپنے حصے کا ٹیکس ادا کر کے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے چاہیے ‘جوائنٹ سیکرٹری انجمن تاجران لاہور

اتوار 15 ستمبر 2019 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) انجمن تاجران لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں سلیم نے کہا ہے کہ تمام تاجر حضرات انکم ٹیکس ریٹرن کی نقل اپنے پاس ضرور محفوظ رکھیںاور سال 2019 ء کی ریٹرن کی تیاری کیلئے اپنے تمام تر اخراجات مثلاً بجلی ،فون کے بل ،ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر اخراجات کی تفصیلات کو ضرور ٹیکس ریٹرن میں اندراج کروائیں ،ملازمین کی تنخواہیں موجودہ قانو ن کے مطابق 17,500 روپے سے کم نہیں ہو سکتیںجبکہ نقد ادا کرنے کی بجائے بینک کے ذریعے ادا کرنا لازمی ہے ، چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی ہر فورم پر تاجروں کو بدنام کرتے نظر آئے ہیں کہ تاجر چور ہیں اور ٹیکس ادا نہیں کرتے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ تاجر اپنے تمام تر کاروباری اخراجات اور آمدن کی تفصیلات ٹیکس ریٹرن کے ساتھ ضرور جمع کروائیں تاکہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی آنکھیںکھولی جا سکیں۔

(جاری ہے)

فنانس ایکٹ 2019کے مطابق 400,000 روپے تک کی انکم پر کوئی ٹیکس نہیں ہے اگر انکم 400,000 روپے سے 600,000 کے درمیان ہو تو 400,000 روے سے زائد رقم پر 5 فیصد ٹیکس بنے گا۔ اور اگر انکم 600,000 روپے سے 1200,000 لاکھ روپے کے درمیان ہو تو ٹیکس 10,000 روپے جمع ہوگا کیونکہ 600,000 سے زائد نفع پر ٹیکس 10 فیصد ہوگا۔

اس کے بعد جس طرح نفع بڑھے گا اسی طرح ٹیکس کی شرح بھی بڑھتی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں اور ہمیں اپنے ملک سے محبت اور ملک کی ترقی اور بہتری کیلئے اپنا حصہ اپنے ذمے واجب الادا ٹیکس ادا کرکے ضرور ڈالنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :