بھارت کشمیر میں بربریت سے باز نہ آکر خطے میں نئی جنگ چھیڑنے کی سازش کررہا ہے ،میر عمر خان جمالی

دو ایٹمی ملکوں کے مابین جنگ لگی تو اسکے خطے کو بھاری نقصان ہوگا ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ

اتوار 15 ستمبر 2019 17:40

ڈیرہ اللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و بین الصوبائی امور میر عمر خان جمالی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں بربریت سے باز نہ آکر خطے میں نئی جنگ چھیڑنے کی سازش کررہا ہے دو ایٹمی ملکوں کے مابین جنگ لگی تو اسکے خطے کو بھاری نقصان ہوگا عالمی طاقتیں کشمیر مسئلے کو غیر سنجیدہ نہ لیں بھارت نے وادی کشمیر کو کشمیریوں کے لیے تنگ کردیا ہے آئے روز نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں پاکستان کشمیر پر کسی قسم کا سودہ نہیں کریگا پوری قوم اپنے کشمیری مسلمان بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے کسی صورت کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے روجھان جمالی میں صحافیوں کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے پاکستان کی شہ رگ پر ہاتھ ڈالا ہے بھارت کو اسکی بھاری قیمت چکانی ہوگی امریکہ روس چین اور دیگر عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے آگے آئیں اور اقوام متحدہ کو بیان بازی کے بجائے عملی طور پر کردار ادا کرنا ہوگا میر عمر خان جمالی نے کہا کہ بھارت ہماری امن کوششوں کو کمزوری نہ سمجھے پاک فوج دشمن کے ہر حملے کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے پاکستان جنگ نہیں چاہتا جنگ مسلط کی گئی تو بھر پور ردعمل کے لیے بھارت بھی تیار رہے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خودمختیاری پر ضرب لگا کر اپنا مکرہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کردیا ہے کشمیر میں بھارتی مظالم کے ثبوت منظر عام پر آنے کے بعد پاکستانی موقف کو مزید تقویت ملا ہے امت مسلمہ اور او آئی سی کو بھی کشمیر مسئلے کے لیے کھل کر بھارت سے بات کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔