بھارتی فورسز کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے پاک آرمی کے سپاہی حافظ غلام رسول کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

اتوار 15 ستمبر 2019 18:10

بہاولنگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) بھارتی فورسز کی حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے پاک آرمی کے سپاہی حافظ غلام رسول کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں دربار باغبان میں ادا کر دی گئی نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران،انتظامیہ اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد میں شرکت تفصیلات کے مطابق ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے پاک آرمی کے سپاہی حافظ غلام رسول شہید کی نماز جنازہ بہاولنگر کے نواحی علاقہ دربار باغبان میں ادا کر دی گئی جس میں پاک آرمی کے افسران،انتظامیہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی گئی اور مکمل فوجی اعزاز فوج کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا اس موقع پر کمانڈر 57بریگیڈ وسیم عارف راجہ نے صدر پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں جبکہ فضا پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہید کے والد کا کہنا ہے کہ غلام رسول نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ملک و قوم کاسر فخر سے بلند کر دیا اپنے باقی دو بیٹوں کو بھی پاک فوج میں بھیج کر ملک و قوم کے لیے قربان کرنا چاہتا ہوں ہم ہر وقت پاک آرمی کے ساتھ ہیں اور بھارت کی بزدلانہ کاروائیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں شہید سپاہی غلام رسول کی عمر 31 سال جبکہ تعلق بہاولنگر سے تھا شہید کے پسماندگان میں دو بچے جن میں چار سالہ طاہر اور آٹھ سالہ عظمی،اہلیہ اور والدین شامل ہیں شہید غلام رسول 9 سال قبل پاک آرمی میں بھرتی ہوئے تھے۔