بنوں ،عوامی نیشنل پارٹی کی افغانستان میں ہونے والے امن جرگہ کی بھر پور حمایت ،افغانستان میں مستقل و پائیدار امن کیلئے نیک شگون قرار دے دیا

اتوار 15 ستمبر 2019 18:20

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی بنوں نے افغانستان میں ہونے والے امن جرگہ کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے ا سے افغانستان میں مستقل و پائیدار امن کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے ضلعی صدر تیمور با ز خان ایڈووکیٹ نے میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان امن سے متعلق وقتا فوقتا قطر اور روس میں طالبان کے ساتھ مذاکرات ہوئے لیکن کچھ مہینوں بعد مذاکراتی عمل کو سبو تاژ کیا گیا اور دہشت گردی نے افغانستان اور پاکستان کے پشتونوں کے علاقوں میں خون کی ہولی کھیلی گزشتہ تین ماہ سے مذاکراتی عمل جاری ہے لیکن اس تمام عرصہ کے دوران بم دھماکوں کے ذریعے افغانستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے افغان حکومت کی سنجیدگی اور عالمی دنیا تک اپنی صدا کی رسائی انتہائی ضروری ہے اُنہوں نے کہا کہ افغانستان میں صلح کیلئے مذاکرات میں افغان حکومت اور پشتون رہنماؤں ، مذہبی اسکالرز کو شامل کئے بغیر مذاکرات کامیاب ہو سکتے ہیں نہ ہی اسے امن مذاکرات کا نام دیا جا تا ہے اور نہ ہی دھماکوں کی گھن گرج میں امن مذاکرات کی کامیابی ممکن فریقین کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا 17ستمبر سے کابل میں شروع ہونے والے تین روزہ افغان امن جرگہ میں افغانستان سمیت پاکستان کے پشتون رہنماؤں کی شرکت انتہائی ضروری ہے کیونکہ افغانستان میں امن پاکستان میں امن کی ضمانت ہے افغانستان میں ہونے والی دہشت گردی کے باعث زیادہ تر پاکستان کے پشتون علاقے متاثر ہو ئے تو اس لحاظ سے بھی اسفندیار ولی خان ،محمود خان اچکزئی اور آفتاب احمد خان شیر پاؤ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو افغان اولس اور حکومت دونوں کیلئے قابل قبول بھی ہیں اور انتہائی تجربہ کار بھی ہیں اُنہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر ضروری یہ ہے اس جرگہ میں جو بھی فیصلے کئے جائیں اُس پر افغانستان میں موجود تمام طاقتیں عملدرآمد کر یں کیونکہ آج دنیا اس بات پر متفق ہے کہ جنگ و تشدد مسئلے کا حل نہیں بلکہ بات چیت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔