حکومت کی نااہلی کیوجہ سے ایک سال میںڈینگی کے 1600کیس سامنے آچکے ہیں‘(ن)لیگ

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی کارکردگی صرف شہباز شریف پر تنقید کرنے تک محدود ہے‘سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری

اتوار 15 ستمبر 2019 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے پنجاب میں ایک سال کے دوران ڈینگی کے 1600کیس سامنے آچکے ہیں،حکومت کی جانب سے ڈینگی کی افزائش نسل کو روکنے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نا اہل حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد پولیو اور ڈینگی جیسی جان لیوا بیماریوں نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی کارکردگی صرف شہباز شریف پر تنقید کرنے تک محدود ہے۔شہباز شریف نے گیارہ ماہ کے دوران پنجاب سے ڈینگی کا مکمل خاتمہ کردیا تھا۔سری لنکا سمیت دنیا کے کئی ممالک ڈینگی کے حیران کن حد تک خاتمے کے بعد شہباز شریف کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔یاسمین راشد پولیو اور ڈینگی کے خطرے سے آگاہ ہونے کے باوجود معاملے کو سنجیدہ نہیں لے رہیں۔