ہندوستان نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی غلطی کی تو اسکی فوج کا قبرستان بنادینگے،ہندو ازم کا نام و نشان ختم ہو جائیگا،راجہ فاروق حیدر

وقت آگیا ہے ہندوستان کی طرف سے گزشتہ 72 سالوں کے ظلم و جبر کا حساب لیا جائے،مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر بھارت کے ہٹلر اور انسانیت کے قاتل کو جواب دینا اب مذہبی فریضہ بن گیا ہے،وقت آنے پر آزاد کشمیر کے عوام خونی سیز فائر لائن توڑ کر اس پار کشمیریوں کو بھارتی پنجہ استبداد سے آزادی دلانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،وزیر اعظم آزاد کشمیر کا متاثرین ایل او سی سے خطاب

اتوار 15 ستمبر 2019 18:45

چڑہوئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی غلطی کی تو اس کی فوج کا قبرستان بنادیں گے، یہ اس کا آخری حملہ ہوگااور ہندو ازم کا نام و نشان ختم ہو جائے گا۔اب وقت آگیا ہے ہندوستان کی طرف سے گزشتہ 72 سالوں کے ظلم و جبر کا حساب لیا جائے۔

مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر بھارت کے ہٹلر اور انسانیت کے قاتل کو جواب دینا اب مذہبی فریضہ بن گیا ہے۔وقت آنے پر آزاد کشمیر کے عوام خونی سیز فائر لائن توڑ کر اس پار کشمیریوں کو بھارتی پنجہ استبداد سے آزادی دلانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ان خیالات کااظہار انھوں نے متاثرین ایل او سی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جلسہ سے آزادکشمیرکے وزیر بلدیات ودیہی ترقی راجہ نصیراحمد خان، مسلم لیگ ن کے راہنماپروفیسر فیاض راجہ ، پیپلزپارٹی کے قاری محمداکبرنے خطاب کیا۔ جلسہ میںوزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری راجہ امجدپرویز علی خان،مسلم لیگ ن حلقہ چڑہوئی کے راہنماؤں راجہ ریاست خان،راجہ منور خان،راجہ اظہراقبال، راجہ نعیم منصفداد،راجہ بنارس خان، شکیل رضا،پیپلزپارٹی کے عمران کریم، پی ٹی آئی کے فاروق بٹ، پیپلز پارٹی کے شکورقریشی ، ایل او سی پارکرنے والے نوجوان ملک حسین خادم کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور متاثرین ایل او سی کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ ایل او سی پررہنے والے بہادرلوگوں کوسلام پیش کرتاہوں جوبھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ انھوں نے ایل او سی پارکرنے والے نوجوانوں کے جذبہ آزادی کوسراہتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں لوگ42 دنوں سے جس کرب اور سنگینیوں کے سائے تلے گھروں میں قید ہیں۔اس کاتقاضاہے کہ پوری ریاست کے لوگ بھارتی جارحیت کامقابلہ کرنے کے لیے تیاررہیں۔

انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرجلد آزادہوگااور گذشتہ 72 سالوں سے آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ پاکستان کاپرچم سرینگرمیںلہرائیں گے۔ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ 05 اگست کے بھارتی غیرآئینی اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں انسانیت کی بری طرح تذلیل ہورہی ہے۔ اس تذلیل کاایک ہی حل ہے کہ کشمیری بھارت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔

انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں قید وبند اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث لوگوں کاجذبہ آزادی سرد نہیں ہے۔ آج بھی لوگ بھارت کے ان جارحانہ اقدامات کو مسترد کررہے ہیں۔ انھوں نے اہلیان چڑہوئی کویقین دلایاکہ چڑہوئی اور بالخصوص ایل اوسی کے علاقوں میں تعمیروترقی اور بنیادی ضروریات حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انھوں نے ایل او سی پارکرنے والے نوجوانوں کے جذبہ جرات کوسلام پیش کیا۔