پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگئی

اتوار 15 ستمبر 2019 19:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگئی ۔ اتوار کو ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف احتجاج کی معاملے پر ڈاکٹروں میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے اور پریس کانفرنس سے قبل احتجاجی لائحہ عمل بارے اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا۔پنجاب بھر سے آئے ڈاکٹروں کی پی ایم اے کے صدر سے نوک جھونک ہوتی رہی ،ڈاکٹروں نے ایک دوسرے کو (ن )لیگ اور پی ٹی آئی سے تعلق داری کے طعنے دیئے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مسعود سید صدر، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب اور پروفیسر ڈاکٹر تنویر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو مذاکرات کیلئے تین دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مذاکرات ناکامی پر پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں روانہ آٹھ سے نو بجے ٹوکن ہڑتال سے ابتدا کریں گے،آرڈیننس مریضوں اور ڈاکٹروں دونوں کے خلاف ہے۔انہوںنے کہاکہ آرڈیننس غریبوں کے علاج معالجے کی سہولتیں چھین رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مریضوں کو ملنے والی مفت سہولیات ختم کردی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹرز اور مریضوں دونوں کے لیے تلوار کھڑی کردی گئی ہے، مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو تمام آپشن استعمال کریں گے۔