پی آئی اے کی میڈیا میں لاہور سے جدہ پرواز پی کے 759 میں آگ لگنے یا ہنگامی لینڈنگ کی خبروں کی تردید

اتوار 15 ستمبر 2019 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) پی آئی اے کے ترجمان نے میڈیا کے بعض حصوں میں اتوار کو پی آئی اے کی لاہور سے جدہ پرواز پی کے 759 میں آگ لگنے یا ہنگامی لینڈنگ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔ ترجمان نے کہا ہے کہ پی کے 759 کے لاہور سے اڑنے کے 10 منٹ بعد اسکے فائر وارننگ سسٹم میں تیکنیکی نقص پیدا ہو گیا ۔

ایوی ایشن کے حفاظتی معیارات کو مد نظر رکھتے ہوئے طیارے کو واپس لینڈ کرایا گیا جو کہ ایک نارمل ٹیکنیکل لینڈنگ تھی۔ طیارے کا معائنہ کیا گیا اور ایوی اونکس سسٹم کے نقص کو دور کرنے کے لئے انجنیئروں کی ٹیم نے کام شروع کر دیا ۔دریں اثنا متبادل طیارے میں منتقلی سے قبل مسافروں کو لاوئنج لے جایا گیا اور انکی مہمانداری کا مکمل طور پر خیال رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا ے کہ پی آئی اے میں مسافروں، کریو اور طیارے کی یقینی حفاظت کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جاتا۔ تاہم اس سلسلے میں ہونیوالی تاخیر کی زحمت پر پی آئی اے انتظامیہ معذرت خواہ ہے۔ ترجمان نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے درخواست کی کہ بعض حلقوں نے بغیر تصدیق خبر چلائی جس سے اسکی سنسنی خیزی اور مسافروں اور انکے اہل خانہ میں غیر ضروری تشویش پیدا ہوئی۔بعدازاں پی کے 759 متبادل طیارے سے 3 گھنٹوں کی تاخیر سے دوپہر 35۔12 بجے جدہ روانہ ہو گئی۔

متعلقہ عنوان :