صادق آباد کے نواحی علاقہ محمد کالونی میں پانی کی قلت کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

اتوار 15 ستمبر 2019 19:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) صادق آباد کے نواحی علاقہ محمد کالونی میں پانی کی قلت کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خان پور اور راول ڈیم میں پانی کی صورتحال بہتر ہونے کے باوجود واسا نے راشننگ شروع کر دی ہے۔ محمدی ٹائون کے رہائشیوں نے بتایا کہ شام 5بجے صرف آدھا گھنٹہ پانی کی سپلائی کی جاتی ہے جو ناکافی ہے، شہریوں کو گھریلو استعمال کے لئے پانی دور دراز علاقوں سے بھر کر لانا پڑتا ہے۔

ایک شہری مصطفیٰ صدیقی نے پانی کی قلت کی صورتحال بتائے ہوئے کہا کہ ٹائون کے رہائشی مل کر واسا کے پاس جاچکے ہیں اور متعلقہ انکوائری پر شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ ایک شہری یوسف غوری نے بتایا کہ پورے علاقے کو پانی کی قلت کا سامنا ہے اور واسا حکام کو چاہیے کہ فوری طور پر مسئلہ کو حل کرے۔

(جاری ہے)

احمد نامی اور سعید عباسی نے بھی پانی کی قلت کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ڈیموں میں پانی کی صورتحال بھی بہتر ہے لیکن اس کے باوجود پانی کی قلت سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور اصلاح و احوال کیا جائے اور محمدی ٹائون اور ملحقہ آبادیوں کو پانی کی قلت کے مسئلہ سے نجات دلائی جائے۔ واسا حکام سے رابطہ کرنے پر انہوں نے کہا کہ مقامی انکوائری سے تفصیلات طلب کر کے جلد اس مسئلہ کو حل کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :