Live Updates

پی ٹی آئی سندھ میں زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے جامع پروگرام مرتب کررہی ہے، رہنما محفوظ ارسانی

نوجوانوں کو بے یقینی،منشیات اور افسردگی کے مسائل سے نکالنے پر توجہ دی جائے، ڈاکٹر زبیر شیخ

اتوار 15 ستمبر 2019 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما محفوظ ارسانی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت سندھ میں زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے دریائے سندھ کا پانی ذخیرہ کرنے کے کے لئے جامع پروگرام مرتب کررہی ہے جس کے نتیجہ میں صوبہ میں نہ صرف میں آبپاشی کا نظام بہتر ہوجائے گا بلکہ ہزاروں ایکڑ بنجر زمینیں بھی قابل کاشت بنائی جاسکے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی(ماجو) کے بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلبہ کی جانب سے پاکستان کے معاشی مسائل پر منعقد کئے جانے والے ایک سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ کے علاوہ ممتاز بزنس مین فاروق افضل اور سردار شوکت پوپلزئی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما محفوظ ارسانی نے کہا کہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے زرعی شعبہ کو ترقی دینے کی ضرورت ہے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ کی بنا پر ملک کی برآمدات میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے پی ٹی آئی کی حکومت ملک کے آبی وسائل بڑھانے اور نظام آبپاشی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کاشکاروں کو سستے داموں کھاد اور بیج کی فراہمی، بنکوں کے ذریعے آسان شرائط پر قرضے دلوانے ،سڑکوں کی تعمیر اور کسانوں کی خوشحالی کے اقدامات پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔

ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے نئی نسل کو آگے آنا ہوگا کیونکہ نوجوان طبقہ ہی اس ملک کی اصل قوت ہے جو ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ اس وقت ہمارے نوجوانوں کے لئے شک،منشیات اور افسردگی کے مسائل کا سامنا ہے جس سے انھیں نکالنے پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کے بعد ہی وہ ملک کی ترقی و خشحالی کے لئے اپنا کردار بخوبی ادا کرسکتے ہیں۔

سردار شوکت پوپلزئی نے کہا کہ سی پیک پروگرام کے تحت بلوچستان کی ترقی کے لئے شروع کئے جانے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر ملک کی معیشت کو بہتر بنانے میں بڑی مدد مل سکے گی۔فاروق افضل نے ملک کی معیشت کو درہیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے معیشت کی ترقی کے لئے اپنی تجاوویز پیش کیں۔سیمینار کے اختتام پر یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر زبیر شیخ نے مہمانوں کو شیلڈ پیش کیں۔ ماجو کے استاد علی ناصر نے تقریب کے نظامت کے فرائیض انجام دئیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات