گوجرانوالہ، جماعت اسلامی پاکستان میں اللہ کی توحید اور ریاست مدینہ طرز کے نظام کی جدوجہد کر رہی ہے، حمیرا عزیز

اتوار ستمبر 20:00

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) ضلعی ناظمہ جماعت اسلامی خواتین حمیرا عزیز نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان میں اللہ کی توحید اور ریاست مدینہ طرز کے نظام کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ مفکر اسلام سید ابوالاعلیٰ مودودی نے عالم اسلام کے اتحاد کے لیے بڑا کلیدی کردار ادا کیا ،جماعت اسلامی کا ہر کارکن حرمین شریفین کی حفاظت کو اپنا اسلامی فریضہ سمجھتاہے ۔

سعودی عرب کو بیت اللہ ، روضہ رسول ؐ و مسجد نبوی ؐ کی وجہ سے پوری دنیا کے مسلمانوں میں عزت کا مقام حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ خواتین ونگ ضلع گوجرانوالہ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کنونشن سے عظمیٰ نوید ، فرح امتیاز ، علیناحسن ، شبانہ وحید ودیگر نے بھی خطاب کیا ،مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی تحریک بھی خواتین کے بغیر اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کرسکتی جس طرح تحریک پاکستان میں خواتین کا نمایاں کردار تھا اسی طرح کشمیر کی جدوجہد آزادی میں خواتین نے بنیادی کردار ادا کیاہے اور وہ بھارتی مظالم کے باوجود جرأت و استقامت سے کھڑی ہیں اور 72 سال سے آزادی کی تحریک کو زندہ رکھے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے خواتین کو اپنے محاذ پر جدوجہد کو لے کر آگے بڑھنا ہوگا ۔ مغربی طاقتیں اور مغرب کی پروردہ این جی اوز پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے اور اپنے سیکولر ایجنڈا کی تکمیل اور مادر پدر آزاد معاشرے کے لیے سرگرم ہیں ۔ ان کے اس دین بے زار ایجنڈے کو ناکام بنانے اور اسلامی معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔