Live Updates

وزیراعظم کے ویژن اور تحریکِ انصاف کے منشور میں کرپشن کی پشت پناہی کی کوئی گنجائش نہیں،میجر (ر )طاہر صادق

اتوار 15 ستمبر 2019 20:25

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے 55میجر (ر) طاہر صادق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ویژن اور تحریکِ انصاف کے منشور میں کرپشن کی پشت پناہی کی کوئی گنجائش نہیں، عمران خان نے کرپٹ عناصر کے خلاف تمام سٹیک ہولڈرز کو یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ کرپشن پر زیرو ٹالرینس کی جائے گی، میں کرپشن کے خلاف اہلیانِ غور غشتی کے ساتھ کھڑا ہوں، ایک لائین سپرٹنڈنٹ کو کس قانون کے تحت ایس ڈی او لگایا گیا ہی نااہل مشیر جنہیں عوام کے مسائل کا پتہ ہے نہ سروکار اور سونے پر سہاگہ کرپشن و کرپٹ عناصر کو تحفظ دینے میں مصروف ہیں، اپنے آپ کو اعلیٰ تعلیم یافتہ کہنے والے میرٹ،اخلاقیات، احتساب سب کچھ داؤ پر لگا رہے ہیں اور تحریکِ انصاف کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن ثابت ہو جانے کے باوجود SDOواپڈا کے خلاف ایکشن نہ لینا تحریکِ انصاف کے کرپٹ فری پاکستان کے نعرے کی نفی ہے جو کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، ایس ڈی او غورغشتی دفترکرپشن کا گڑھ بن گیا تھا اور بغیر ڈیمانڈ نوٹس ایشو کئے لوگوں کے میٹر لگائے گئے جس سے بجلی چوری کی گئی اور قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا گیا، انہوں نے کہا کہ ٹاؤٹوں کے ذریعے عوام کو لوٹنے کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے، مذکورہ افسر نے کرپشن کیلئے ایجنٹ رکھے ہوئے ہیں جو میٹروں پر اعتراضات لگا کر صارفین کو ڈرا دھمکا کر رقمیں وصول کرتے ہیں اس طرح لوٹ مار معمول بن گئی ہے، سفارشی ایس ڈی او کئی سال سے ایک ہی سٹیشن پر تعینات رہ کر بجلی چوری کرا کر ادارے کو بھی خسارہ پہنچا رہا ہے اس لئے اہلیان غورغشتی کے ساتھ ہمارا مطالبہ ہے کہ فی الفور کرپٹ ایس ڈی او کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے کیفرکرادر تک پہنچایا جائے، میجر (ر) طاہر صادق نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے دور میں عوام کو کرپٹ عناصر کے ہاتھوں یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، نیب، وفاقی محتسب، وزارتِ بجلی سمیت قومی اسمبلی اور پارٹی فورم پر اس کرپشن کے خلاف موثرر آواز اٹھائیں گے اور عوام کو کسی قیمت پر بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جائے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات