پاکستان کا مستقبل قرآن وسنت سے وابستہ ہے،جماعت اسلامی روزاول سے کشمیر کواپنے ایجنڈے کا حصہ بنائے ہوئے ہے،حسین محنتی

جماعت اسلامی کے تحت 13اکتوبر کوحیدرآباد میں کشمیرمارچ ہوگا اورسینیٹر سراج الحق قیادت کریں گے،کشمیرکا مسئلہ صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ پاکستان کی بقاء وسلامتی اورپورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے ، امیر جماعت سندھ

اتوار 15 ستمبر 2019 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل قرآن وسنت سے وابستہ ہے،جماعت اسلامی روزاول سے کشمیر کواپنے ایجنڈے کا حصہ بنائے ہوئے ہے۔کراچی کے تاریخی مارچ کے بعدجماعت اسلامی کے تحت 13اکتوبر کوحیدرآباد میں کشمیرمارچ ہوگا اورسینیٹر سراج الحق قیادت کریں گے،کشمیرکا مسئلہ صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ پاکستان کی بقاء وسلامتی اورپورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے اسلئے جماعت اسلامی تو صرف اہتمام کرے گی یہ امت کا مارچ ہوگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف دعوتی عوامی اور تنظیمی اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج امت پر نازک وقت آن پڑا ہے فلسطین کشمیر برما سے لیکر افغانستان تک کفرکی قوتیں اوران کے آلہ کارمسلم امہ پر حملہ آور ہیں اس لیے کلمہ کی بنیاد پر امت کو متحد کرکے اسلام وملک دشمن قوتوں کے خلاف اٹھ کھڑا کرنا ہوگا۔

پاکستان کا قیام بزرگوں کی جدوجہد نوجوانوں کی قربانیوں کا نتیجہ اوراللہ کا خصوصی انعام ہے اس کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت بھی ہم پرفرض ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان 72 سالوں سے مشکل دور سے گذر رہاہے،مگر ایمان کی طاقت ہی اصل طاقت ہے۔جس کے ذریعے کشمیر سمیت ملکی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔پاکستان کو حقیقی معنیٰ میں ایک اسلامی ریاست بنانے کے لیے پوری قوم کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے ذکروفکر کے بغیر انسان مردہ ہے اس میں زندگی تب آتی ہے جب وہ اللہ کا ذکر وشکر بجا لاتا ہے۔ اللہ کے دین کے مطابق اپنی زندگی گذارکرانسان دنیا وآخرت کی سرخروئی اورچین وسکون کی زندگی گذار سکتا ہے۔