ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار،کلاشنکوف برآمد

اتوار 15 ستمبر 2019 21:05

پشاور۔15ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہر کے نواحی علاقے اچر میں شدید ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، ملزم اپنے گھر کے سامنے ہوائی فائرنگ کر رہا تھا کہ گشت پر موجود پولیس اہلکاروں نے اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف بھی برآمد کر لی گئی ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ بھانہ ماڑی کی چوکی پی اے ایف کے انچارج انعام اللہ خان دیگر پولیس نفری کے ہمراہ معمول کی گشت پر علاقے میں موجود تھے کہ اس دوران اندھا دھند ہوائی فائرنگ ہوئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، اے ایس آئی انعام اللہ خان نے ہوائی فائرنگ کی آوازیں سن کر فورا جائے وقوعہ پرپہنچ کر ایک مسلح ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ ملزم کے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف بھی برآمد کر لی جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔