Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ پرحاضری، نوافل ادا کئے

وزیراعلیٰ نے حرم نبوی کے امام سے ملاقات کی اور کلید بردارمسجد نبوی سے بھی ملے،وزیراعلیٰ نے ملک و قوم کی ترقی اورمقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانو ں کے لئے بھی خصوصی دعا کی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 15 ستمبر 2019 22:13

وزیراعلیٰ پنجاب کی مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ پرحاضری، نوافل ادا کئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نوافل ادا کئے -وزیراعلیٰ نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانو ں کے لئے بھی خصوصی دعا کی-وزیراعلیٰ نے حرم نبوی کے امام سے ملاقات کی اور کلید بردارمسجد نبوی سے بھی ملے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے ۔بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باعث جنت نظیر وادی جہنم بن چکی ہے ۔مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کراپنے پاوٴں پر خود کلہاڑی ماری ہے اوراس غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی باضمیر بھارتی شہری بھی مذمت کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مسلسل کئی روز سے کرفیو کے باعث گھروں میں قید ہیں اوربھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

مودی سرکار جان لے کہ وہ دنیا کی آنکھوں میں اب دھول نہیں جھونک سکتی۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی نسل کشی کے مذموم بھارتی عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کوکبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ظالم مودی نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور بربریت برپا کر رکھی ہے۔مودی جمہوری رہنما نہیں، دور حاضر کا یزید کاروپ دھار چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج جبرکے ذریعے بھی بہادر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکی۔انسانیت سوز مظالم اوربے جا پابندیوں کے باوجود بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے حق کے لئے لڑ رہے ہیں ۔مظلوم کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کامقدمہ مدلل اندازاورجرات مندانہ طریقے سے پیش کیا ہے اوروہ وقت دورنہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزاد فضاء میں سانس لیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات