Live Updates

حکومت مخالف جماعتوں کا متحد ہونا ضروری ہے، مولاناعصمت اللہ

متحدہ اپوزیشن کو مولانا فضل الرحمن کی آواز کے ساتھ آواز میںملانی چاہیے، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سرپرست اوررکن قومی اسمبلی

اتوار 15 ستمبر 2019 22:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سرپرست اوررکن قومی اسمبلی مولاناعصمت اللہ نے کہا ہے کہ حکومت مخالف جماعتوں کا متحد ہونا ضروری ہے، متحدہ اپوزیشن کو مولانا فضل الرحمن کی آواز کے ساتھ آواز میںملانی چاہیے، ورنہ پہلے سے زیادہ کمزور ہوں گے۔جمعیت علماء اسلام کی حکومت مخالف تحریک سے صرف وہی جماعتیں دور ہو رہی ہیں جن کی اپنی مجبوریاں ہیں، جمعیت علماء اسلام کی کوئی مجبوری نہیں ہم جمہوری روایات اور آئین کی حفاظت کریں گے۔

حقیقی جمہوری لوگ مولانا فضل الرحمن کی حکومت مخالف تحریک کی حمایت کرتے ہیں کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ حکومت سے نجات ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے جمہوری روایات کو تباہ کیا گیا ملکی معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے عام آدمی معیشت کے چکر میں پھنس چکا ہے اور خدشہ ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں کہیں خودکشیوں کی شرح میں اضافہ نہ ہوجائے۔

(جاری ہے)

مولاناعصمت اللہ نے کہا کہ سیاستدانوں کو بد نام کرنے اور انہیں غدار ثابت کرنے کی مہم زوروں پر ہے، نان ایشوز کو ایشوز بناکر میڈیا کے ذریعے قوم کو گمراہ کیا جارہا ہے جس کا فائدہ ہونے کی بجائے ،اس ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔یہ حقیقت ہے کہ جب بھی کوئی طالع آزما اس ملک پر قابض ہوا ہے یا شوکت عزیز اور عمران خان جیسے حکمران ملے ہیں وہ قوم کو انتظامی اور سیاسی طور پر شدید نقصان پہنچا کر گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کی زندگیوں سے کھیلنے اور معیشت کی تباہی کے بعد آئین شکنی کی طرف لشکر کشی شروع کر دی ہے۔ کسی کو ملک کا سیاسی کلچر تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، یہ ملک سیاستدانوں نے بنایا اور وہی اسے چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات