Live Updates

دو ایٹمی طاقتیں جنگ دہانے پر ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر دنیا کو بیدار ہوناچاہیے۔شاہ محمودقریشی

پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔چاہے تنہارہ جائیں کشمیریوں کوتنہانہیں چھوڑیں گے ۔وزیرخارجہ کاجلسہ عام سے خطاب

اتوار 15 ستمبر 2019 23:45

ملتان ۔15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دو ایٹمی طاقتیں جنگ کے دہانے پر ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر دنیا کو بیدار ہونا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر پر دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کیلئے عالمی طاقتوں سے رابطے کررہے ہیں۔اگر دنیا بیدار نہ ہوئی تو اس کے نہ صرف خطے پر بلکہ پوری دنیا پر ہولناک اثرات مرتب ہونگے۔

پاکستان کی موجودہ حکومت تمام مصلحتوں سے بالا تر ہو کر کشمیر کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے لڑ رہی ہے۔ عمران خان اقوام متحدہ میںکشمیر کی جنگ لڑنے جارہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ چاہئے ہم تنہا رہ جائیں مظلوم کشمیریوں کی مدد جاری رکھیں گے۔ آج نریندر مودی کی سوچ پوری دنیا کو اپنا اصل چہرہ دیکھا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ نے کہا بھارتی اقدامات بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ بھی مودی حکومت کے سامنے بے بس دیکھائی دیتی ہے۔انہوں نے سوال کیاکہہ’’ نریندر مودی ‘‘کیا تم میں ہمت ہے کشمیر میں ایک جلسہ کرو اور کشمیریوں کی حمایت حاصل کرسکو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کی یونین کونسل رنگیل پور میں ن لیگ کے رہنما رانا سجاد حمید کی تحریک انصاف کے شمولیت کے موقع پر ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی ‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے تقریب سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا آج ہر پاکستانی کے زبان سے صرف ایک ہی بات نکل رہی ہے کشمیر بنے گا پاکستان ۔سیاسی مصلحتوں ‘ دھڑے بندیوں اور گروہی سیاست سے بالا تر ہو کر یکجہتی کا پیغام دینا ہوگا۔ قوم کو آج پھر 26فروری کی طرح بیدار رہنے کی ضرورت ہے۔

پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔انڈیا کے ارادوں کو ملیہ میٹ کریں گے۔ پاکستان کا بچہ بچہ ‘ پاکستان کا دانشور ‘ مزدور ‘ کسان ‘خواتین سب پاکستان سے یکجہتی کا پیغام دے رہے ہیں۔ ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جو پنڈٹ جواہر لعل نے سلامتی کونسل میں طے کیا تھا وہ کریں۔ انہوں نے کہا میں مودی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ جموں کشمیر میں آکر اپنے کئے گئے اس اقدام کی عوام سے تائید لے۔

جموں کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ اور حکمرانوں سمیت تمام سیاستدان جو ان کا حصہ رہے وہ مودی کے اقدام کی مخالفت کررہے ہیں۔ مودی سرکار کے پائوں لڑکھڑا رہے ہیں۔ مودی سے کہتا ہوں جموں کشمیر سے کرفیو اٹھائے پھر پتہ چلے گا جموں کشمیر کی عوام کیا کہتی ہے۔ آج کشمیر کی آواز پاکستان سے نہیں بلکہ دنیا کے ہر دارالخلافہ سے اٹھ رہی ہے ۔ انسانی حقوق کے علمبردار تمام تنظیمیں انڈیا کے موقف کی نفی کررہی ہیں۔

ہماری کامیاب سفارت کاری کی بدولت جنیوا میں انسانی حقوق کی تنظیموں ‘58ملکوں اور عالمی میڈیا نے انڈیا کے موقف کی نفی کی۔ اور ہمارے موقف کی تائید کی ۔ انہوں نے کہا کشمیر کے لوگوں کو فیصلہ کرنے دو کے وہ کیا چاہتے ہیں۔ آج کشمیر میں بھارتی جارحیت بڑھ رہی ہے ۔ کشمیریوں کوذبح کیا گیا لیکن اب اس عمل کا تدراک ہونا چاہیے۔ کشمیر میں کرفیو میں خوارک کی کمی ہوگئی علاج کی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی۔

کشمیریوں کو نمازعید ، نماز جمعہ اور عاشورہ منانے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا آج دنیا کے کسی ملک میں چلے جائیں سب جگہ بھارتی موقف کو مسترد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت 54سال بعدسلامتی کونسل میں اٹھایا گیا۔ماضی میں مسلہ کشمیر اجاگر نہیں کیا گیا۔ ہم نے پختہ ارادے سے آگے بڑھنا ہے ۔ہم نے فروری میں بھارت کی جنگی عزائم خاک میں ملائے اور دو بھارتی جنگی جہاز مار گرائے۔

پاکستانی قوم اپنی افواج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف نے عرصہ داراز تک اقتدار میں رہنے والی دوجماعتوں کو شکست دی۔ہم نے تحریک انصاف کے ایجنڈے کے مطابق عوامی خدمت کے سفر کو آگے لیکر بڑھنا ہے۔کوئی سوچ نہیں سکتا تھا تحریک انصاف پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو شکست دیگی۔پنجاب سے ن لیگ کا صفایا ہوا۔

اور پیپلز پارٹی زوال پذیر ہوئی۔ انہوں نے کہا عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے جو اب رک نہیں سکتا۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر شرکاء سے قرار داد پیش کی کہ 27ستمبر کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کشمیر کا مقدمہ پیش کرنے جارہی ہے کیا آپ لوگ اس کی تائید کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ کی اس قرارداد پر شرکاء نے ہاتھ اٹھا کر قرارداد کی تائید کی۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ آج جلسے سے قبل منعقدہ اجلاس میں رنگیل پور تا چوک شاہ عباس کی روڈ تعمیر کے ورک آرڈر اور ٹینڈر جاری کرواآیا ہو ں جلد ہی اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات