امیرِ کویت اور فلسطینی صدرکی شاہ سلمان سے گفتگو، ڈرون حملوں کی مذمت

پیر 16 ستمبر 2019 11:05

کویت سٹی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) امیرِ کویت شیخ صباح الاحمد الصباح اور فلسطینی صدر محمود عباس نے سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔دونوں رہنماؤں نے سعودی کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور سعودی عرب کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

(جاری ہے)

امیرِ کویت نے شاہ سلمان سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ملک کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ وہ مملکت کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اس کے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی شاہ سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔