سعودی آئل تنصیبات پر حملوں کا جواب دینے کے لئے ہر لمحہ تیار ہیں، امریکی صدر

پیر 16 ستمبر 2019 12:13

سعودی آئل تنصیبات پر حملوں کا جواب دینے کے لئے ہر لمحہ تیار ہیں، امریکی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی آئل تنصیبات پر حملوں کا جواب دینے کے لئے ہر لمحہ تیار ہے۔سعودی عرب کی سرکاری آئل کمپنی آرامکو کی دو تنصیبات پر گذشتہ ہفتے کے دن ہونے والے حملوں کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کی ہے تاہم امریکہ نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے حملے کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔

ڈرون حملوں کے نتیجہ میں سعودی عرب کی خام تیل کی پیداوار کم ہو کر نصف رہ گئی ہے اور اس کے نرخوں میں پندرہ سے انیس فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔اپنے ٹویٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کو اندازہ ہے کہ اس حملے کا مجرم کون ہے اور اس کے خلاف کارروائی کے لئے ان کی مسلح افواج تیار ہیں تاہم وہ مجرم کے حتمی تعین کے لئے سعودی عرب کا انتظار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کے برعکس امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران کی طرف براہ راست اشارہ تو نہیں کیا تاہم کہا کہ سعودی آئل تنصیبات کو یمن سے نشانہ بنائے جانے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک عالمی منڈیوں میں تیل کی فراہمی جاری رہنے کو یقینی بنائیں گے اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ ایران سے اس جارحیت کا حساب لیا جائے۔ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے بے بنیاد الزامات ناقابل فہم اور بے معنی ہیں اور حقیقت میں امریکہ ایران کے خلاف اقتصادی جنگ پہلے ہی شروع کر چکا ہے۔