وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت

پیر 16 ستمبر 2019 12:22

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت
مکة المکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خانہ کعبہ کے اندر جا کر نوافل ادا کئے اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لئے خصوصی دعا کی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی طرف سے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کی۔

غسل کعبہ کی رسم گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے ادا کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے سربراہان شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، سعودی عرب میں متعین اسلامی ممالک کے سفارتکاروں، ممتاز علماء، وزراء، کلید برادران کعبہ اور مقامی شہریوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے گورنر مکہ اور دیگر کے ہمراہ خانہ کعبہ کے اندر جا کر عرق گلاب اور آب زم زم سے غسل دیا۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے نوافل ادا کئے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی، پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے اللہ رب العزت کے حضور خصوصی دعا کی۔