Live Updates

عون چودھری اپنی برطرفی سے بالکل بے خبر تھے

اگر وزیراعظم نے عون چوہدری کی عزت کا خیال نہیں کیا تو ہم کس کھیت کی مولی ہیں؟ حامد میر نے دو وزرا کے مابین ہونے والی گفتگو بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 ستمبر 2019 11:56

عون چودھری اپنی برطرفی سے بالکل بے خبر تھے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 ستمبر 2019ء) : تین روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اُسی روز عون چودھری کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس حوالے سے کالم نگار حامد میر نے اپنے حالیہ کالم میں دو وزرا کے مابین ہونے والی گفتگو کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کی سہ پہر ایک وزیر صاحب نے وٹس ایپ کال پر پوچھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے استعفیٰ کیوں دیا ہے؟ میں نے بتایا کہ انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کی منظوری سے اُنہیں برطرف کر دیا ہے۔

وزیر نے کہا اگر آپ دفتر میں ہیں تو کیا چائے پینے آ جائوں؟ کچھ ہی دیر میں وہ ایک اور ساتھی وزیر کے ساتھ میرے پاس موجود تھے۔

(جاری ہے)

میں نے اُنکی موجودگی میں ڈاکٹر شہباز گل سے فون پر بات کی اور پھر ان وزیروں کو بتایا کہ عثمان بزدار ناراض تھے اس لئے انہوں نے اپنے ترجمان کو فارغ کر دیا۔ ابھی بات ختم نہ ہوئی تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اور عمران خان کے قریبی ساتھی عون چوہدری کی کال آ گئی۔

انہوں نے پوچھا ''مجھے کیوں نکالا؟'' وہ بے چارا اپنی برطرفی سے بالکل بے خبر تھا۔ اُسے ایک ٹی وی چینل پر بریکنگ نیوز سے پتا چلا کہ وہ برطرف ہو چکا ہے حالانکہ کچھ دن پہلے عون چوہدری کی وزیراعظم عمران خان سے بڑے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی تھی اور دونوں نے اکٹھے کھانا بھی کھایا۔ عون چوہدری کا فون بند ہوا تو میں نے دونوں وزیر صاحبان کو بتایا کہ عون بھی فارغ کر دیا گیا۔

دونوں حیرانی سے ایک دوسرے کو تکنے لگے۔ پھر ایک وزیر نے کہا ڈاکٹر شہباز گل بہت زیادہ بولتا تھا لیکن عون چوہدری تو کچھ بھی نہیں بولتا تھا، اس کا مطلب ہے وزیراعظم کو نہ تو زیادہ بولنے والے پسند ہیں اور نہ چپ رہنے والے پسند ہیں، ہمارا وزیراعظم میانہ روی کا قائل ہے۔ دوسرے وزیر نے ذرا غصے سے اپنے ساتھی کو کہا کہ شرم کر تو کیمرے کے سامنے تو نہیں بیٹھا ہوا، آف دی ریکارڈ گفتگو کر رہا ہے اور اس گفتگو میں بھی خوشامد کر رہا ہے۔ اگر وزیراعظم نے عون چوہدری کی عزت کا خیال نہیں کیا تو ہم کس کھیت کی مولی ہیں؟ پہلے وزیر نے ساتھی کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ آہستہ بول یار! دیواروں کے بھی کان ہوتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات