فرانس میں پاکستانیوں کا کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی،یوم دفاع وشہداء بھی منایاگیا

پاکستان کشمیر کی حقِ خود ارادیت کے اس جدوجہد کے حصول کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،پاکستانی سفارتخانہ

پیر 16 ستمبر 2019 13:09

فرانس میں پاکستانیوں کا کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی،یوم دفاع وشہداء ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے یوم دفاع کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا ، یوم دفاع اور یوم شہدا کی یاد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فرانس میں مقیم پاکستانی و کشمیری برادری نے شرکت کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق تقریب کا انعقاد پیرس کے نواحی علاقے ویلرلیبل میں کیا گیا جہاں فرانس میں مقیم پاکستانی و کشمیری برادری نے بڑی تعداد میں 1965 کی جنگ کے شہداء کو دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔چالیس دن سے بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر لگائے گئے سخت کرفیو کی وجہ سے وہ بغیر خوراک، ادوایات اور آزادی کے اپنے گھروں میں محسور ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع ڈپٹی ہیڈ آف مشن امجد عزیز قاضی نے اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے اپنے مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اپنے دشمنوں کے مذموم عزائم کو شکست فاش دے کر اپنے پیارے وطن عزیز کی سرحدوں کو محفوظ رکھا۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی غیر متزلزل اور اٹل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پاکستان کشمیر کی حقِ خود ارادیت کے اس جدوجہد کے حصول کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

فرانس میں پاکستانی و کشمیری جماعتوں کے رہنماوں نے اپنے اپنے اظہار خیال میں پاکستان کی بہادر افواج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اورمادر ملت کے وجود کو پیش آنے والے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قابلیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی 15 ملین عوام کے ساتھ بھی اپنی حمایت اور ہمدردی کا اظہار کیا جنہیں بھارتی مسلح سیکیورٹی افواج کی جانب سے انتہائی ناروا سلوک کا سامنا ہے اور وہاں گزشتہ40 روز کے کرفیو کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہیں جنہیں خوراک، ادویات اور شخصی آزادی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ فرانس میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور انہوں نے فرانس اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے سنگین انسانی بحران کو ختم کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔