یونیورسٹی آف اوکاڑہ کو عالمی رینکنگ میں صف اول پر لے کر جانا میرا مشن ہے۔ ڈاکٹر زکریا ذاکر

یونیورسٹی آف اوکاڑہ کو عالمی معیار کے تقاضوں کے مطابق بنا نے میں اہم کردار اداء کر نے والے وائس چانسلر کی گفتگو

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 16 ستمبر 2019 14:40

یونیورسٹی آف اوکاڑہ کو عالمی رینکنگ میں صف اول پر لے کر جانا میرا مشن ..
اوکاڑہ(حافظ ذوہیب طیب۔اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16ستمبر ۔2019ء) بلاشبہ تعلیم نہ صرف ملکوں کی ترقی میں اہم کردار اداء کرتی ہے بلکہ قوموں کے شعور اور ان کے مزاج پر بھی اثر انداز ہو کر قوموں کو عروج کی وادیوں کا مسافر بنا دیتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا اندازہ اس کی شرح خواندگی سے لگایا جا سکتا ہے ۔ دنیا کے وہ ممالک جو ترقی یافتہ اور مہذب ہیں وہاں شرح خواندگی تقریباََ 100فیصد دکھائی دے گی ۔

بد قسمتی کے ساتھ پاکستان میں پچھلے کئی عشروں سے کسی نے تعلیم کی ابتر صورتحال اور بڑھتی ہوئی ناخواندگی پر دھیان نہیں دیا۔ جبکہ ضرورت اس بات کی تھی کہ ملکی حالات اور قوم کے شعور کو دیکھتے ہوئے ہنگامی طور پر تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر کے اس پر توجہ دی جاتی اور اس پر کام کیا جاتا۔

(جاری ہے)


اس ساری صورتحال میں جو لوگ تعلیم کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں وہ ہمارے ہیروز ہیں جو نہ صرف ملک کو ترقی کے رستے پر گامزن کر نے بلکہ قوم کے شعور میں مثبت تبدیلیاں لانے میں بھی مصروف عمل ہیں ۔

علم کی شمع روشن کر نے والے ایک ایسے ہی ہیرے کا نام ڈاکٹر زکریا ذاکر ہے جو گذشتہ تین عشروں سے علم کے پیاسوں کی پیاس بجھا رہے ہیں اور ان کی تربیت میں بھی مصروف عمل ہیں ۔ ڈاکٹر زکریا ذاکر دنیا تعلیم کی ایک معروف شخصیت ہیں جنہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم۔اے اور ایم فل اور بعدازاں 1998میں جرمنی سے سوشیالوجی میں پی۔ایچ۔ڈی کی ڈگری حاصل کی جبکہ ان کی بہترین تعلیمی خدمات کے نتیجے میں 2015میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا ہے ۔

پنجاب یونیورسٹی میں فیکلٹی آف سوشل سائنسزاینڈ بیہیورل سائنسزکے ڈین ، انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسزاینڈ کلچرل سٹڈیزکے ڈائریکٹر جبکہ اسی مادر علمی میں بطور وائس چانسر تعیناتی بھی ان کے نصیب میں آئی ہے ۔بطور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ، انہوں نے کچھ ہی دنوں میں تعلیم کے ساتھ ریسرچ کے شعبے کی ترقی کے لئے انتہائی احسن اقدامات اٹھائے جس کے ثمرات اب دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔

پنجاب یونیورسٹی کو بہتر سے بہتر بنا نے اور اسے عالمی معیار کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔ سب سے بڑھ کر ان کی تعیناتی کے دوران کوئی شخص ان پر ایک روپے کی کرپشن یا اس طرح کا کوئی الزام نہ لگا سکا اور جہاں جہاں کام کیا عزت و سرفرازی ان کا مقدر ٹہری ۔
ڈاکٹر زکریا ذاکر آجکل اوکاڑہ یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔

یاد رہے کہ اوکاڑہ یونیورسٹی ان کے آنے سے پہلے کرپشن کا گڑھ سمجھی جاتی تھی ۔ تعلیم کے نام پر مذاق بر پا تھا اور اہلیان اوکاڑہ کا اعتبار ختم ہو تا جا رہا تھا ۔ لیکن ڈاکٹر صاحب کے آنے کے بعد حالات تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہو نا شروع ہو گئے ۔ کرپشن اور اس کے آلہ کاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا اور پھر پاکستان کے بڑی تعلیمی درسگاہ مادر علمی پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا تجربہ رکھے والے استاد نے یہاں بھی انقلابی تبدیلیوں کا آغاز کیا اور کچھ ہی مہینوں میں اوکاڑہ یونیورسٹی کا شمار بہترین تعلیمی اداروں میں ہونا شروع ہو گیا۔

لوگوں کا اعتماد بحال ہو نا شروع ہو اجس کی وجہ سے اب یہاں ہزاروں طلبا و طالبات مختلف تعلیمی پروگرامز میں زیر تعلیم ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہاں تعلیمی نظام میں جدت لاتے ہوئے مختلف تربیتی لیکچرز کا اہتمام بھی کرایا ہے ۔ ملکی و غیر ملکی دانشوروں کے لیکچرز، سیمینارزاور اس طرح کی دوسری سر گر میوں کو جاری رکھا ہو اہے جس کے ہمیں بہترین نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔

تعلیم کے ساتھ طلبا و طالبات کی تربیت پر بھی ہم کافی زور دے رہے ہیں تاکہ ہم ایک ایسا معاشرہ بنا نے میں کامیاب ہو سکیں جہاں صر ف تعلیم ہی نہ ہو بلکہ اس کے ساتھ قوم کے شعور کی آبیاری بھی ممکن ہو سکے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرئی کوشش ہے کہ ہم جلد یونیورسٹی آف اوکاڑہ کو عالمی معیار کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے تعلیمی میدان میں عالمی رینکنگ میں صف اول کی یونیورسٹی میں شمار کروانے میں کامیاب ہو جائیں اس کے لئے ہم نے کام کا آغاز کر دیا ہے ۔ یہاں جتنے بھی تعلیمی پروگرامز ہیں سب ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ ہیں ۔ یونیورسٹی کی وسیع و عریض ، سر سبز و شاداب بلڈنگ بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے اور اسے مزید بہتر سے بہتر بنا نے کے لئے اپنا کر دار اداء کر رہے ہیں ۔