نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،محمد عباس کا10واں نمبر

اسد شفیق اور اظہر علی کو بھی ترقی نصیب ہوگئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 ستمبر 2019 15:39

نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،محمد عباس کا10واں نمبر
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16ستمبر2019ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عباس ایک مرتبہ ٹیسٹ باﺅلرز کی رینکنگ میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں،اسد شفیق اور اظہر علی کو بھی ترقی نصیب ہوگئی ۔ نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ 937پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں ،انہوں نے دوسری پوزیشن پر موجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی پر34پوائنٹس کی برتری حاصل کررکھی ہے،سٹیو سمتھ نے ایشز سیریز کا آغاز چوتھی پوزیشن پر857پوائنٹس کے ساتھ کیا تھا اور4ٹیسٹ میچز میں774رنز سکو ر کرکے پہلی پوزیشن ایک بار پھر اپنے نام کی۔

باﺅلرز میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز ایشز سیریز میں29وکٹیں حاصل کرکے دوسری پوزیشن پر موجود پروٹیز فاسٹ باﺅلر کگیسوربادا پر57پوائنٹس کی سبقت حاصل کیے ہوئے ہیں،جوش ہیزل ووڈ ایک بارپھر ٹاپ 10فاسٹ باﺅلرز کی فہرست سے باہر ہوگئے ہیں اور رینکنگ میں دسویں پوزیشن ایک بار پھر پاکستان کے محمد عباس نے سنبھال لی ہے ۔

(جاری ہے)

آخری ایشز ٹیسٹ میں5وکٹیں لینے والے مچل مارش نے20درجے ترقی کے ساتھ54ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے جو مارچ2017ءکے بعد ان کی بہترین باﺅلنگ پوزیشن ہے، کینگرو بلے باز میتھیو ویڈ کو آخری ایشز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سنچری کا صلہ 32درجے ترقی کے ساتھ78ویں پوزیشن پر پہنچنے کا ملا،اس سے قبل وہ مارچ2013ءمیں 52ویں پوزیشن پر فائز رہ چکے ہیں،کینگرو اوپنر ایشز سیریز میں محض95رنز سکور کرنے کے باعث سیریز میں مجموعی طور پر19درجے تنزلی کے ساتھ اب24ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں ،پاکستان کے اسد شفیق ایک درجہ ترقی پاکر18ویں اور اظہر علی 21ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔