پاکستان آرمی نے 24 ویں نیشنل سیونز رگبی چیمپئن شپ2019ءجیت لی

پاکستان ایئرفورس کو 0-5سے مات دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 ستمبر 2019 16:07

پاکستان آرمی نے 24 ویں نیشنل سیونز رگبی چیمپئن شپ2019ءجیت لی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام 24 ویں نیشنل سیونز رگبی چیمپئن شپ2019ءپاکستان آرمی نے جیت لی، فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان ایئرفورس کو 5-0 سے جیت لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رگبی اکیڈمی لاہور کینٹ میں دو روزہ ٹورنامنٹ میں 12 ٹیموں نے حصہ لیا۔گزشتہ روز آرمی، ایئرفورس، واپڈا اور ریلوے نے سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ڈائریکٹر سروس ٹائرز چودھری عارف سعید تھے۔ اس موقع پر پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ،ٹورنامنٹ ڈائریکٹر شکیل احمد ملک، رگبی سروسز مینجر سید معظم علی شاہ، عاصم علی، پنجاب رگبی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور سابق کھلاڑیوں سمیت سینکڑوں تماشائی گراو¿نڈ میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

پہلے سیمی فائنل میں پاکستان آرمی نے ریلوے کو 52-0 سے ہرایا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان ایئرفورس نے پاکستان واپڈا کی ٹیم کو 21-5 سے ہرا دیا۔

تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ میں پاکستان واپڈا نے ریلویز کو 50-0 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح فائنل دونوں سروسز کے درمیان ہوا جو پاکستان آرمی نے 5-0 سے جیتا۔ پہلے ہاف میں آرمی کے انجم نے خوبصورت ٹرائی سکور کرکے آرمی کو برتری دلا دی جو آخر تک قائم رہی۔ ایئرفورس کی ٹیم نے کچھ اچھے موو بنائے مگر ٹرائی کرنے میں ناکام رہے۔ اس طرح نیشنل گیمز 2019ءپشاور کیلئے چاروں صوبوں کے علاوہ آرمی، ایئرفورس، واپڈا اور ریلویز نے کوالیفائی کرلیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان رگبی یونین فوزی خواجہ نے سروس ٹائرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دو روزہ چیمپئن شپ کو سپانسر کیا۔ فوزی خواجہ کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان سے اتنی بڑی تعداد میں ٹیموں کی شمولیت رگبی کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔