ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی خصوصی اقتصادی زونز سے کافی امیدیں وابستہ ہیں،

زونز کی بروقت تکمیل سے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی، اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہو گی، روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے، احمد حسن مغل

پیر 16 ستمبر 2019 16:50

ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی خصوصی اقتصادی زونز سے کافی امیدیں وابستہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا ہے کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے خصوصی اقتصادی زونز سے کافی امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں، ان زونز کی بروقت تکمیل سے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی، ملک کی اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہو گی، روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا اور ملک کے پسماندہ علاقوں تک اس کے مثبت اثرات پہنچیں گے، ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ان زونز میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کے ٹرن اوور ٹیکس سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے خصوصی اقتصادی زونز ایکٹ 2012ء کے تحت یہ اعلان کیا تھا کہ جو سرمایہ کار خصوصی اقتصادی زونز میں جون 2020ء تک کمرشل پیداوار شروع کریں گے ان کو 10 سال تک ٹیکس کی چھوٹ دی جائے گی لیکن اب حکومت نے ان زونز میں سرمایہ کاروں کی سیلز پر 1.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس عائد کر دیا ہے جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں منصوبے لگانے کیلئے بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے جس وجہ سے سرمایہ کاروں کو دو سے تین سال تک نقصان میں اپنا کاروبار چلانا ہو گا لیکن ان کی سیل پر 1.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس عائد کرنے سے ان کیلئے ان زونز میں سرمایہ کاری کرنے کی کشش ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس اہم مسئلہ پر نظر ثانی کرے۔

انہوںنے مطالبہ کیا کہ حکومت مذکورہ ٹیکس کو فوری واپس لے تاکہ سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ اور بغیر کسی تشویش کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ حکومت نے ابتدائی طور پر سی پیک کے تحت ملک میں 9 خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ زونز تب ہی کامیاب ہوں گے اور ان کے ثمرات معیشت و عوام کو پہنچیں گے جب زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار ان میں سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں پہلے ہی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں کافی کمی واقع ہو چکی ہے، اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ حکومت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے اور ٹیکس سے متعلق ان کے تمام تحفظات دور کرے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار بڑھ چڑھ کر ان زونز میں سرمایہ کاری کر سکیں۔