بین الاقوامی برادری بھارتی فاشسٹ قیادت کے ہاتھوں مصائب کا شکار مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی مشکلات دور کرنے کیلئے کوشاں ہو،

بھارتی حکومت کی انتہاء پسند اور اشتعال انگیز سوچ نے عالمی امن کو خطرہ سے دوچار کر دیا ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نیوزی لینڈ، قبرص، وینزویلا، کروشیا اور گھانا کے غیر مقیم نامزد سفرائ/ہائی کمشنرز سے گفتگو

پیر ستمبر 17:27

بین الاقوامی برادری بھارتی فاشسٹ قیادت کے ہاتھوں مصائب کا شکار مقبوضہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی فاشسٹ قیادت کے ہاتھوں مصائب کا شکار مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی مشکلات دور کرنے کیلئے کوشاں ہو، بھارتی حکومت کی انتہاء پسند اور اشتعال انگیز سوچ نے عالمی امن کو خطرہ سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات نیوزی لینڈ، قبرص، وینزویلا، کروشیا اور گھانا کے غیر مقیم نامزد سفرائ/ہائی کمشنرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ایوان صدر میں انہیں اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔

اس سلسلہ میں ایوان صدر میں سفارتی اسناد پیش کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ صدر نے غیر مقیم سفیروں/ہائی کمشنرز کو پاکستان کیلئے ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کے موجودہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کیلئے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

سفارتی اسناد پیش کرنے والوں میں نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر ہمیش کریگ میک ماسٹر، قبرص کے سفیر پیٹروس ٹی نکوزس، وینزویلا کے سفیر کارلوس الکالا کارڈونز، کروشیا کے سفیر ڈریگو سٹیمبک اور گھانا کے سفیر محمد سیوتی یحییٰ ایدی شامل تھے۔

بعد ازاں سفیروں/ہائی کمشنرز نے صدر سے الگ الگ ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی مشکلات دور کرنے کیلئے کام کرے جو بھارتی فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں انتہائی مصائب سے دوچار ہے۔