ننکانہ صاحب : نواحی گاؤں چک نمبر589 میں ناجائز قبضہ گروپوں کے خلاف آپریشن ، 8ایکڑ سے زائد اراضی واگزار

سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا: ڈپٹی کمشنر راجہ منصوراحمد

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 ستمبر 2019 17:25

ننکانہ صاحب : نواحی گاؤں چک نمبر589 میں ناجائز قبضہ گروپوں کے خلاف آپریشن ..
ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،16ستمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی،عبدالقدوس ملک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد کی زیر نگرانی ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ ضلع بھر کی تمام میونسپل کمیٹیوں سمیت اسسٹنٹ کمشنرز اورضلع کونسل ننکانہ صاحب کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمدکی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرننکانہ صاحب سونیا کلیم کی سربراہی میں ضلع کونسل کے عملہ نے بھاری مشینری اور پولیس نفری کے ساتھ ننکانہ صاحب کے نواحی گاؤں چک نمبر589میں قبضہ گروپوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران ناجائزقبضہ کی گئی سرکاری اراضی پر ہل چلا کر 08ایکڑ06کنال قبضہ گروپوں کے قبضہ سے واگزار کروائی گئی۔

واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی کی قیمت تقریباً 1 کروڑ 60لاکھ بنتی ہے۔ضلعی انتظامیہ،محکمہ واپڈا،ضلع کونسل، محکمہ مال ،محکمہ پولیس کی بھاری نفری نے اس آپریشن میں حصہ لیا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے بتایاکہ ضلع بھر میں اب تک ناجائز قبضہ گروپوں سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی جگہ، زمینوں پر ناجائز قبضے نہیں ہونے دیئے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین کے خلاف ہونے والے ایکشن کی نگرانی کے لیے خصوسی سیل قائم کیا گیا ہے۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز اورتمام متعلقہ افسران روزانہ کی بنیاد پر اپنی تحصیل میں سرکاری زمین پر ناجائز قابضین کے خلاف ہونے والی سرگرمیوں بارے آگاہ کریں تاکہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔تمام محکمے اس قومی فریضے کو ادا کریں اور سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین کو کیفرکردار تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔علاوہ ازیں انہوں نے آئندہ کسی بھی قسم کے ناجائز قبضہ پر مزید سختی سے کاروائی کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔