نیب لاہور نے ٹویوٹا موٹرز کرپشن سکینڈل میں ملوث ملزمان جاوید مظفر بٹ اور ملک عثمان ریاض کو گرفتار کر لیا

پیر 16 ستمبر 2019 19:05

نیب لاہور نے ٹویوٹا موٹرز کرپشن سکینڈل میں ملوث ملزمان جاوید مظفر بٹ ..
لاہور۔16 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) نیب لاہور نے کارروائی کر کے ٹویوٹا موٹرز کرپشن سکینڈل میں ملوث ملزمان جاوید مظفر بٹ اور ملک عثمان ریاض کو گرفتار کر لیا، ملزمان پر عوام سے دھوکہ دہی سے بھاری رقوم وصول کرنیکا الزام ہے ، ترجمان نیب لاہور کے مطابق ملزمان نے 2006ء میں نئی گاڑیوں کی بکنگ کے نام پر کاروبار شروع کیاتاہم عوام کو بھاری منافع کا لالچ دیتے ہوئے اربوں روپے وصول کئے، ملزمان نے 2015ء تا 2019ء کے دوران غیرقانونی طور پر 3 ارب روپے سے زائد کی رقوم وصول کی، ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان متاثرین سے گاڑیوں کی مکمل قیمت کے برابر رقم بطور انویسٹمنٹ وصول کرتے رہے جس پر بھاری منافع کے نام پر سبز باغ دکھاتے رہے، ان کیخلاف نیب لاہور میں کم و بیش 700 متاثرین کی شکایات موصول ہو چکی ہیں، گوجرانوالہ سے شروع ہونیوالا غیرقانونی کاروبار گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد بعدازاں پورے پنجاب میں پھیل گیا، گرفتار ملزمان آپس میں بزنس پارٹنر تھے تاہم دھوکہ دہی سے اوورسیز پاکستانیوں سے بھی سرمایہ حاصل کرنے کی شکایات موصول ہوئیں،نیب حکام دونوں گرفتار ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے احتساب عدالت کے روبرو پیش کرینگے، دوران تحقیقات میگا سکینڈل میں ملوث دیگر شریک کرداروں کے بے نقاب ہونیکے واضح امکانات ہیں، ملزمان کی پرائیویٹ کمپنی کا مکمل نام’’ٹویوٹا گوجرانوالہ موٹرز‘‘ ہے۔