قبائلی عوام نے قیام پاکستان سے لیکر اب تک ہر مشکل گھڑی میں ملک کی حفاظت کی ہے،شاہ فرمان

قبائلیوں کا کشمیرکی جانب جانا اس بات کا عکاس ہے کہ وہ ماضی کی طرح اب بھی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ کشمیر آزاد کرانے کیلئے تیار ہیں،گورنرخیبرپختونخوا

پیر 16 ستمبر 2019 19:21

قبائلی عوام نے قیام پاکستان سے لیکر اب تک ہر مشکل گھڑی میں ملک کی حفاظت ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے آزاد کشمیر کی جانب قافلے کی صورت میں جانیوالے قبائلیوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ 1948 ء میں بھی انہی باہمت ، جرائت مند اور دلیر قبائلیوں نے تقریباً کشمیر آزاد کروایاتھا اور یہی وہ قبائل ہے جن کے ڈر سے بھارت خود کشمیرکامسئلہ اقوام متحدہ لیکر گیا تھا اور بھارت کی ہی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیرمیں ریفرنڈم کروانے کے حق میں قرارداد منظوری کی تھی۔

انہوں نے عالمی برادری پربھی زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کامسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق حل کریں اور اپنا وعدہ پورا کریں۔ گورنرخیبرپختونخوا کاکہناتھاکہ قبائلیوں کا کشمیرکی جانب جانا اس بات کا عکاس ہے کہ وہ ماضی کی طرح اب بھی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ کشمیر آزاد کرانے کیلئے تیار ہیں لیکن دنیا جان لے کہ ہم پر امن لوگ ہیں مسئلہ کشمیر کا ایک پرامن حل چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

گورنرشاہ فرمان نے قبائلی عوام کی جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ قبائلی عوام نے قیام پاکستان سے لیکر اب تک ہر مشکل گھڑی میں ملک کی حفاظت کی ہے اور ان کے اسی جذبہ سے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے ان غیور قبائل کو بازوئے شمشیرزن قراردیاتھا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی غیورقبائل نے بے پناہ قربانیاں دی اور ملک میں امن واستحکام برقرار رکھنے میں بھر پورکردار ادا کیا۔