قائداعظم ٹرافی کے ابتدائی راوٴنڈ میں تیسرے روز کا کھیل مکمل

ناردرن کرکٹ ٹیم فالوآن کا شکار،بلوچستان کی جانب سے امام الحق کی سنچری

پیر 16 ستمبر 2019 19:38

قائداعظم ٹرافی کے ابتدائی راوٴنڈ میں تیسرے روز کا کھیل مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2019ء) ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسر ے روز خیبرپختوانخواکے خلاف فالو آن کا شکار ہونے کے بعد ناردرن کرکٹ ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 105رنزبنالیے۔جب کھیل ختم ہوا تو عمر امین اور روحیل نذیر کریز پر موجود تھے۔ ناردرن کرکٹ ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 159 رنز درکار ہیں۔دوسری اننگز میں ناردرن کرکٹ ٹیم کے حیدر علی اور آفاق رحیم آوٴٹ ہوکرپویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔

اس سے قبل خیبرپختوانخوا کی جانب سے 526 رنز کے جواب میں ناردرن کرکٹ ٹیم 262 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی تھی۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے انڈر 19 کرکٹر حیدر علی کے 99 رنز بھی ناردرن کرکٹ ٹیم کو فالو آن سے نہ بچاسکے۔ خیبرپختوانخو ا کی جانب سے زوہیب خان اب تک میچ میں 4 اور جنید خان 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں۔

(جاری ہے)



سندھ اور بلوچستان کے درمیان قائداعظم ٹرافی کے پہلے راوٴنڈ میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک بلوچستان نے سندھ کی پہلی اننگ کے اسکور 473 رنز کے جواب میں 191 رنز بنائے اور اس کے 3 کھلاڑی آوٴٹ ہوچکے ہیں۔

امام الحق 111 اور عمران فرحت 16 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ امام ا لحق نے 13 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔عظیم گھمن 21، حسین طلعت 13 اور کپتان حارث سہیل 24 رنز بنا کر آوٴٹ ہوچکے ہیں۔ سندھ کی جانب سے اسپنر کاشف بھٹی نے دن بھر نپی تلی باوٴلنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 33 اوورز میں 61 رنز کے عوض 2 کھلاڑیو ں کو آوٴٹ کیا۔بلوچستان کی ٹیم اب بھی پہلی اننگز میں سندھ سے 282 رنز پیچھے ہے۔




قائداعظم ٹرافی کے تیسرے روز قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں جاری میچ میں سدرن پنجاب کے 467 رنز کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بناچکی ہے۔ عمر اکمل نے 118 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سنٹرل پنجاب کے اوپنرز اظہر علی نے 73 جبکہ احمد شہزاد نے 63 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان 130 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کھیل کے اختتام پر محمد سعد 41اور فہیم اشرف 30رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ سدرن پنجاب کی جانب سے راحت علی نے 3 اور عامر یامین نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔