Live Updates

بہتر خارجہ پالیسی کی بدولت دنیا میں پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے‘

بھارتی سپریم کورٹ نے بھی کشمیر ی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے لیا ہے، بھارتی حکمران ہوش کے ناخن لیں جنگ مسئلے کا حل نہیں‘عالمی طاقتیں بھارت پر تجارتی پابندیاں عائد کریں، اسلامی ممالک بھارت کے ساتھ احتجاجا تجارتی معاہدے معطل کریں ‘کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلا کر دم لیں گے،وفاقی وزیردفاع پرویزخٹک

پیر 16 ستمبر 2019 22:16

بہتر خارجہ پالیسی کی بدولت دنیا میں پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے‘
نوشہرہ۔16ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی بہتر خارجہ پالیسی کی بدولت دنیا میں پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے جس کا اعتراف امریکی صدر ٹرمپ سمیت عالمی طاقتوں کے سربراہان خود کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دلا کر دم لیں گے، بھارتی سپریم کورٹ نے بھی کشمیر ی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے لیا ہے، بھارتی حکمران ہوش کے ناخن لیں جنگ مسئلے کا حل نہیں‘عالمی طاقتیں بھارت پر تجارتی پابندیاں عائد کریں، اسلامی ممالک بھارت کے ساتھ احتجاجا تجارتی معاہدے معطل کریں ،پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک ہونے کے ناطے امن کے لیے کوشاں ہے اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ،پوری پاکستانی قوم اپنی پاک افواج اور کشمیر یوں کے ساتھ ہیں‘ پاکستان میں بہت جلد خوشحالی آئے گی‘ اقتصادی بحران کافی حد تک ختم ہوچکا ہے‘ پورے ملک میں یکساں ترقی کا عمل شروع ہوچکا ہے، پی ٹی ائی اس ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے‘ عمران خان سچی اور کھری باتوں کی وجہ سے بین الاقوامی لیڈ بن چکے ہیں وہ اباخیل نوشہرہ کلاں میں عوامی نیشنل پارٹی تپہ نوشہرہ کلاں کے صدر اور ممبر ضلع کونسل ملک ولایت خان ، ملک ہارون خان ، سرتاج خان ، ساجد خان کی عوامی نیشنل پارٹی سے شاہی خان ، ممتاز خان، الیاس خان ،سردارپاکستان پیپلز پارٹی سے اور امجد خان ، عنایت خان اور فخر عالم کی جے یو آئی سے مستعفی ہوکر پی ٹی ائی میں شمولیتی جلسے سے خطاب اور بعدازاں سابق ضلعی کونسلر حاجی نوشیر خان اور سابق ویلج ناظم حاجی اعجاز خان کی جانب سے عشائیے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک اور لیاقت خان خٹک نے شامل ہونے والوں کو پی ٹی آئی کی ٹوپیا ں پہنائی اور ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی لیاقت خٹک، ممبر صوبائی اسمبلی میاں جمشید الدین کاکا خیل ، سابق تحصیل ناظم احد خٹک ، ملک آفتاب خان ، اسلم شاہ، سابق ضلعی کونسلر حاجی نوشیر، پی ٹی ائی کابل ریور کے صدر حاجی سجاد پراچہ پی ٹی ائی نوشہرہ سٹی کے صدر سابق ضلعی کونسلر انور حقانی ، سابق ویلج ناظم جانس خان نے بھی خطاب کیا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے‘ خراب معاشی صورت حال ہمیں ورثے میں ملی‘ وزیر اعظم عمران خان نے بہتر حکمت عملی کے تحت کافی حدتک معاشی صورت حال پر قابو پالیا ہے‘ آنے والے چند ماہ میں معاشی صورتحال مزید بہتر ہوگی‘ ملک میں خوشحالی کا دور آنے والا ہے‘ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو بیرونی قرضوں سے نجات دلائیں گے اور یہاں پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں بحثیت وزیر اعلی کے پی کے پانچ سالہ دور میں جو بنیا د رکھی ہے اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کی اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کے پی ٹی آئی نے 2018 کے انتخابات میں دو تہائی سے زیادہ اکثریت حاصل کی ۔2013 میں پی ٹی آئی نے 11 لاکھ ووٹ لیے جبکہ 2018 میں 23 لاکھ ووٹ لیے جو عوام کا وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی ائی پر بھر پور اعتماد کا مظہر ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی ائی کی سیاست کا محور غریب عوام ہے‘ وزیر اعظم عمران خان غریب عوام پر خرچ کرنا چاہتے ہیں‘ پاکستان کا غریب خوشحال ہوگا تو پور ا پاکستان خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان لگی لپٹی باتوں پر یقین نہیں رکھتے وہ پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں‘عمران خان ہمیشہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے کو شاں رہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ سی پیک کے کئی اہم منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے پشاور اسلام اباد موٹروے پررشکئی انٹر چینج کے قریب 80 ہزار کنال پر ایک نیا شہر قائم کیا جارہا جس میں تعلیم صحت اور کھیلوں کی جدید سہولیات ہوگی رشکئی انٹرچینج پر 40 ہزار کنال اراضی پر چائنہ اکنامک زون جو سی پیک کا منصوبہ ہے میں ایک ہزار کارخانے لگائے جائیں گے جس سے لاکھوں جوانوں کو روزگار ملے گا اور اس خطے میں ایک بار پھر تجارت بڑھیں گی‘ روس چین وسطی ایشیا اورافغانستان کے ساتھ تجارت کے نئے راستے کھولے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع نوشہرہ کے گھر گھر سوئی گیس پہنچا رہے ہیں جس کے لیے 5 ارب روپے کی رقم جمع کرادی گئی ہے اسی طرح بجلی کی مد میں ہر یونین کونسل کو پچاس پچاس لاکھ روپے کے فنڈ ز فراہم کردیے گئے ہیں جس سے ٹرانسفارمروں کی ضرورت پور ی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تما م جاری منصوبے مکمل ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات