پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل

پیر 16 ستمبر 2019 22:53

پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی ای) کا بعد از حج آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا، اس سلسلے میں آخری پرواز 15 ستمبر کو لاہور پہنچی۔ پیر کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سال مجموعی طور پر 82,000 سے زائد حجاج کو حرمین شریفین کی زیارت کی سعادت نصیب ہوئی جو گزشتہ سال کی نسبت 25 فیصد زائد رہی۔

پی آئی اے نے 8 شہروں سے حج آپریشن شروع کیا جن میں کراچی، ملتان، فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ شامل تھے جہاں سے پہلی مرتبہ حج آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ سکھر اور رحیم یار خان سے بھی حجاج کو براستہ کراچی اور لاہور پروازوں کی سہولت دی گئی۔ حج آپریشن مکمل طور پر پی آئی اے کے اپنے بوئنگ 777 اور A320 طیاروں سے 290 پروازوں کے ذریعے کیا گیا جن کی بروقت روانگی کا تناسب تقریباً 90 فیصد رہا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کامیاب حج آپریشن کی تکمیل پر پی آئی اے کے تمام شعبہ جات اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھانے پر تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں بالخصوص فلائٹ آپریشن، پسینجر سروسز، ٹی جی ایس، فلائٹ سروسز، آئی ٹی، فنانس، مارکیٹنگ اور انجنیئرنگ شامل ہیں۔ پی آئی اے نے سعودی عرب سے کراچی 21,100، لاہور 16700، اسلام آباد 15000، ملتان 4750، سیالکوٹ 4400، فیصل آباد 1750، پشاور 10400 اور کوئٹہ 8200 حجاج کو واپس پہنچایا۔