حکومت کے خلاف دھرنا اکتوبر کی بجائے نومبر میں دیا جائے: ن لیگ نے مولانا فضل رحمان کو تجویز دے دی

اسلام آباد میں15 لاکھ افراد ہوں گے، دھرنے میں رکاوٹ ڈالی گئی توملک بھر میں نظام زندگی معطل کردیں گے: مسلم لیگ ن اورجے یوآئی ف کی قیادت کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 16 ستمبر 2019 21:03

حکومت کے خلاف دھرنا اکتوبر کی بجائے نومبر میں دیا جائے: ن لیگ نے مولانا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 ستمبر2019ء) ن لیگ نے مولانا فضل رحمان کو تجویز دے دی ہے کہ حکومت کے خلاف دھرنا اکتوبر کی بجائے نومبر میں دیا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن اور جمعیت علماء اسلام ف کی قیادت کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے چارٹرآف ڈیمانڈ اور دیگر سوالات کے جوابات دے کر ن لیگی رہنماؤں کو مطمئن کیا کہ دھرنے کیلئے 15 لاکھ افراد اسلام آباد میں لے کر جائیں گے۔

جس پر ن لیگی رہنماؤں نے استفسار کیا کہ 15لاکھ افراد توبہت زیادہ ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ بےشک 15 لاکھ افراد کو انگلیوں پر ایک ایک کرکے گن لینا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 80 ہزار سے ایک لاکھ افراد خصوصی یونیفارم میں صرف سکیورٹی پر ہوں گے۔

(جاری ہے)

دھرنے اور غسل خانوں کی صفائی کیلئے جامع انتظامات ہوں گے۔ فضل الرحمان نے ن لیگ رہنماؤں کویقین دہانی کروائی کہ دھرنے میں واپسی کا کوئی آپشن موجود نہیں ہے۔

جواب میں مسلم لیگ ن نے مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا ہے کہدھرنا اکتوبر کی بجائے نومبر میں دیا جائے۔ ابھی مولانا فضل الرحمان نے اس مشورے کا جواب نہیں دیا تاہم انہوں نے کہا کہ کارکنان میرے اشارے پر اپنی جان بھی دے سکتے ہیں۔ ایک سال سے مسلسل تیاریاں کررہے ہیں۔ فنڈز بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ کسی نے دھرنے میں رکاوٹ ڈالی تو پورے ملک میں کاروبار زندگی معطل کردیں گے۔

دھرنے میں ن لیگ کےعلاوہ حکومتی پالیسیوں سے نالاں عوام بھی شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کی قیادت کیساتھ دوبارہ ملاقات کروں گا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی ہدایت پر آپ سے ملاقات کی ہے۔ نوازشریف دھرنے کی حمایت کی ہدایات دے چکے ہیں۔ ن لیگ کی سی ای سی کی سفارشات منظوری کیلئے نوازشریف کو بھیجی جائیں گی۔ مسلم لیگ ن کی دھرنے میں شرکت کی تفصیلات نوازشریف کی ہدایات کی روشنی میں طے کی جائیں گی۔ جے یوآئی ف کے نمائندے منصوبے پرن لیگ کی سی ای سی میں بریفنگ دیں گے۔