ڈپٹی کمشنرکا شاہ شمش پارک میں ٹریفک پولیس کا ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹر کا نوٹس،فوری طورپرشفٹ کرنے کاحکم

پیر 16 ستمبر 2019 23:12

ملتان ۔16 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) تاریخی شہر ملتان کو خوبصورت اور سرسبزوشاداب بنانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گزشتہ روز چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ کے ہمراہ شاہ شمس پارک ،عام خاص باغ اور اور مدنی پارک نیو ملتان کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شاہ شمش پارک میں ٹریفک پولیس کا ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹر کا سخت نوٹس لیا اور اسے فوری طور پر شفٹ کرنے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارک میں ڈرائیونگ سنٹر قائم کرکے ایک حصہ تباہ کر دیا گیا۔ عامر خٹک نے پارک کی خشک جھیل دیکھ کر بھی افسوس کا اظہار کیااور گرین اینڈ کلین ملتان مہم کے فوکل پرسن اسسٹنٹ کمشنرذیشان قیصرانی کو ہدایت کی کہ جھیل کو فعال بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جھیل کی ویرانی سے پارک کا حسن ماند پڑ گیا ہے۔

(جاری ہے)

جھیل کو کنٹریکٹ پر دینے کے لیے پلان تیار کیا جائے اور اس کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جھیل کے اطراف میں گرل اور پارک کی چاردیواری کی مرمت کی جائے۔ پارک میں ٹرین ٹریک کو بھی مرمت کیا جائے۔پورے پارک کی صفائی ستھرائی کی جائے اور اس مقصد کے لیے پی ایچ اے کے علاوہ سالڈویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا وہ خود روزانہ شاہ شمس پارک واک کے لیے آئیں گے اور اس پارک کو شہر کی ایک خوبصورت تفریح گاہ بنائیں گے۔

عامر خٹک نے پارک میں" ہر بشر دو شجر" کی مہم کے دوران اپنے ہاتھ سے لگائے گئے پودے کا بھی معائنہ کیا اور اسے ہرا بھرا اور شاداب دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر تاریخی عام خاص باغ بھی گئے۔ وہ سیر کے لیے آئے ہوئے شہریوں سے ملے اور پارک کے بارے گفتگو کی۔شہریوں کی شکایت پر انہوں نے ٹھنڈے پانی کا کولر لگانے کے احکامات جاری کئے۔عامر خٹک نے پارک کا ایک حصہ خصوصی افراد کے لیے مختص کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے مدنی پارک نیو ملتان کا بھی دورہ کیا اور پارک میں ٹائلٹ تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹریک کی مرمت اور رنگ وروغن کا بھی حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شاہ شمس پارک دورے کے دوران فون پر سی ای او ہیلتھ کو طلب کر لیا اور انہیں پارکوں اور شہر میں آوارہ کتے مارنے کے لیے مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ پی ایچ اے کے پاس شاہ شمس پارک کو خوبصورت بنانے کے لیے 5 کروڑ روپے کے فنڈز موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پارکوں کو خوبصورت اور شہر کو شاداب بنانا ان کی اولین خواہش ہے۔ اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ذاتی دلچسپی سے ان کا حوصلہ بڑھا ہے۔