لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ نے ہفتہ صفائی مہم اور انسداد ڈینگی مہم کا آغاز کر دیا

. بطور سفیر شہرمیں صفائی قائم رکھنے اور ڈینگی سے بچاو کیلئے اپنی خدمات پیش کرتا ہوں،ابرارالحق

پیر 16 ستمبر 2019 23:54

لاہور۔16 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویثرن کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے ہفتہ صفائی مہم اور انسداد ڈینگی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔اس حوالے سے تقریب کا انعقاد ایل ڈبلیو ایم سی کے مرکزی دفتر میں کیا گیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر لاہور، ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی اور مشہورسیاسی وسماجی کارکن ابرار الحق نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر جی ایم آپریشن اور سربراہ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ لاہور ویسٹ مینجمٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے انسداد ڈینگی اور ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

اس ہفتہ صفائی اور انسداد ڈینگی مہم کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو صفائی قائم رکھ کر ڈینگی کو مات دینے کی تاکید کرنا اور ڈینگی سے ممکنہ بچاو کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرانا ہے۔

ایل دبلیو ایم سی اس حوالے سے شہر میں صفائی کے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے جن میں کھلے پلاٹوں سے کوڑے کرکٹ کو بر وقت اکٹھا کر کے ماحول دوست انداز میں تلف کرنا اور خصوصی آگاہی مہم کا انعقاد ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ آگاہی مہم کے انعقاد کا مقصد شہریوں میں صفائی ستھرائی سے متعلق شعور اجاگر کرنااورڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر آگاہی دینا تھا۔

مزید برآں ان کا یہ کہنا تھا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں لاہور ویسٹ مینجمٹ کمپنی کی کا وشیں قابل تعریف ہیں مگر شہریوں کے تعاون کے بغیر صفائی ستھرائی کو قائم رکھنا مشکل ہے۔ معروف سیاسی و سماجی شخصیت ابرارلحق کا کہنا تھا کہ لا ہور شہر کی صفائی بے مثال ہے اور اس کا کوئی موازنہ نہیں ہے،ٓ مزید برآں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں لاہور ویسٹ مینجمٹ کمپنی کا ہر سطح پر ساتھ دینے کو تیار ہوں، بطور سفیر میں صفائی قائم رکھنے اور ڈینگی سے ممکنہ بچاو پر ہر لحاظ سے اپنی خدمات پیش کرتا ہوں۔

ابرارالحق کا کہنا تھا کہ شہریوں باالخصوص نوجوانوں سے گزارش ہے کہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں ایل ڈبلیو ایم سی کے ساتھ تعاون کریں۔ تقریب میں ڈپٹی مینجر کمیونیکیشن کی جانب سے تمام شرکا کو ایل ڈبلیو ایم سی کے ہفتہ صفائی اور ڈینگی آگاہی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں اس حوالے سے لاہور پریس کلب کے باہر آگاہی کیمپ بھی لگایا گیا جس میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر ،ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی، ایم ڈی واسا اور ابرارلحق نے خصوصی شرکت کی۔

تمام شرکا ء کی جانب سے شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر بریف کیا گیا اور شہریوں میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔بعد ازاں خصوصی صفائی آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں تمام تر شرکا نے شرکت کی۔اس حوالے سی ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ صاف ستھرا ماحول دینا محکمہ کی اولین ترجیح ہے اور شہر میں صفائی کے غیر معمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

شہری ساتھ دیں تو لاہور شہر کی صفائی ستھرائی میں واضح تبدیلی ممکن ہے۔ ابرار الحق کا کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ شہر کو گندگی سے پاک رکھنے کے لیے ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں اور ڈینگی سے بچاوٴْکے لیے اختیاطی تدابیر اپنائیں اور کہیں پانی جمع نہ ہونے دیں۔جی ایم آپریشن کا کہنا تھا کہ شہریوں کا تعاون شہر کی صفائی قائم رکھنے میں کلیدی کردار رکھتا ہے اور میری تمام اہل لاہور سے گذارش ہے کہ وہ شہر میں صفائی قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اورکوڑا کرکٹ جگہ جگہ پھینکنے سے اجتناب کریں۔

سربراہ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صفائی بر قرار رکھنے کے عمل میں شامل کرنے کے لیے کمیو نیکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پورا سال آگاہی سر گرمیوں کا انعقاد کیا جاتاہی- شہری شکایات کے ازالے کے لئے ہیلپ لائن 1139 اور موبائل ایپلیکیشن کلین لاہور کا استعمال کریں۔