شہباز شریف کے صاحبزادے نے لندن میں پرویز مشرف سے ملاقات کی تصدیق کر دی

لندن کے ہائڈ پارک میں سابق صدر و آرمی چیف سے اتفاقیہ ملاقات ہوئی تھی، اس دوران ان کی صحت سے متعلق آگاہی حاصل کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا: سلیمان شہباز

muhammad ali محمد علی پیر 16 ستمبر 2019 23:08

شہباز شریف کے صاحبزادے نے لندن میں پرویز مشرف سے ملاقات کی تصدیق کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2019ء) شہباز شریف کے صاحبزادے نے لندن میں پرویز مشرف سے ملاقات کی تصدیق کر دی، سلیمان شہباز نے بتایا گیا ہے کہ لندن کے ہائڈ پارک میں سابق صدر و آرمی چیف سے اتفاقیہ ملاقات ہوئی تھی، اس دوران ان سے ان کی صحت سے متعلق آگاہی حاصل کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ایک خبر سامنے آئی تھی جس کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے سابق آرمی چیف و صدر مملکت پرویز مشرف سے لندن میں ملاقات کی۔

اس حوالے سے اب سلیمان شہباز کی جانب سے خود وضاحت کی گئی ہے۔ سلیمان شہباز نے لندن میں پرویز مشرف سے ملاقات ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

(جاری ہے)

سلیمان شہباز نے بتایا ہے کہ لندن کے مشہور ہائڈ پارک میں ان کی اور پرویز مشرف کی ملاقات ہوئی تھی۔ یہ ایک اتفاقیہ ملاقات تھی۔ اس ملاقات کے دوران انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف سے ان کی صحت سے متعلق آگاہی حاصل کی۔

جبکہ انہوں نے پرویز مشرف کی صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اس کے علاوہ اس ملاقات میں کسی دیگر معاملے پر بات چیت نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف اور شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز دونوں پاکستان سے مفرور ہیں اور لندن میں قیام کیے ہوئے ہیں۔ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں پاکستان واپسی کی صورت میں گرفتار کر لیے جائیں گے۔ سلیمان شہباز لندن میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔ اب پرویز مشرف کے ساتھ سلیمان شہباز کی ملاقات نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سیاسی معاملات میں دلچسپی لینے والے صارفین سوال کر رہے ہیں کہ کیا یہ ملاقات کسی مبینہ ڈیل کی جانب اشارہ تو نہیں کر رہی؟