گیس پائپ لائن منصوبے پر اہم پیش رفت، پاکستان نے ایران سے گیس خریدنے کا فیصلہ کر لیا

دونوں ممالک کے درمیان منصوبے پر ترمیمی معاہدہ طے پاگیا، ایران پاکستان کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں نہیں جائے گا

muhammad ali محمد علی پیر 16 ستمبر 2019 23:27

گیس پائپ لائن منصوبے پر اہم پیش رفت، پاکستان نے ایران سے گیس خریدنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2019ء) گیس پائپ لائن منصوبے پر اہم پیش رفت، پاکستان نے ایران سے گیس خریدنے کا فیصلہ کر لیا، دونوں ممالک کے درمیان منصوبے پر ترمیمی معاہدہ طے پاگیا، ایران پاکستان کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں نہیں جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان منصوبے پر ترمیمی معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد ایران پاکستان کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں نہیں جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر سٹیٹ گیس سسٹم اور نیشنل ایرانئین گیس کمپنی کے درمیانی ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے معاہدے میں ترمیم پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔ ترمیمی معاہدے کے تحت ایران کسی بھی عالمی عدالت سے رجوع نہیں کرے گا اور اب تک پائپ لائن کی تعمیر مکمل نہ کرنے پر پاکستان کو جرمانہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک مل کر منصوبے کے حوالے سے قابل عمل حل نکالیں گے۔

معاہدے میں ہونے والی ترمیم کے تحت اب پاکستان 2024 تک گیس پائپ لائن تعمیر کرسکے گا۔ پاکستان ایران سے 750 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس خریدے گا اور اس منصوبے سے پاکستان 2024 سے 2049 تک گیس حاصل کرسکے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ایران کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکی پابندیوں کی وجہ سے ابھی تک معاہدہ پر عمل نہیں کیا اور عالمی پابندیاں اس میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ واضح رہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کا منصوبہ ایران پر امریکی و عالمی پابندیوں کے باعث تعطل کا شکار ہے۔ تاہم اب ایک مرتبہ پھر اس منصوبے کی تکمیل کیلئے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چن سالوں میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔