امریکہ کے اعتماد میں اضافہ، اسلام آباد سے ’نو فیملی اسٹیشن‘ کی پابندی ہٹا دی گئی

2008میں میریٹ ہوٹل میں دھماکے کے بعد امریکیوں کو اسلام آباد میں فیملی رکھنے پر پابندی لگا دی گئی تھی

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 17 ستمبر 2019 05:37

امریکہ کے اعتماد میں اضافہ، اسلام آباد سے ’نو فیملی اسٹیشن‘ کی پابندی ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2019ء)   امریکہ بہادر کی مرضی ہے کہ جب چاہے کسی ملک پر پابندی عائد کر دے اور جب چاہے پابندی ہٹا لے۔مگر ان کی اس مرضی میں متعلقہ ملک کی خارجہ پالیسی کا بڑا ااثر ہوتا ہے۔اگر گزشتہ ایک دہائی کے عرصہ پر نظر دوڑائی جائے تو امریکہ نے پاکستان پر بھی کئی پابندیاں عائد کر رکھی تھی اور کئی سالوں سے عائد تھیں۔

تاہم اس وقت ہماری بہترین خارجہ پالیسی کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کی محنت کی وجہ سے وہ سبھی پابندیاں ایک ایک کر کے امریکہ ہٹاتا جا رہاہے۔انہی کامیابیوں میں سے ایک کامیابی اسلام آباد کو امریکہ کا فیملی اسٹیشن کا درجہ بحال کرنا بھی ہے جسے امریکہ نے اسلام آاباد میریٹ ہوٹل میں دھماکے کے بعد ختم کر دیا تھا۔اقوام متحدہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 12 سال بعد بین الاقوامی سطح پر فیملی اسٹیشن کا درجہ بحال کردیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اقوام متحدہ کے وفدسے ملاقات کی جہاں آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد کی سکیورٹی صورت حال سے مطمئن ہیں۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس اور قانون نافذکر نے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ کی تجویز کردہ پالیسی کے تحت اسلام آباد کی صورت حال اور ماحول میں واضح بہتری آئی ہے۔

غیر ملکی حکام کے این او سی کے حصول کو آسان بنانے کے لیے پالیسی زیر غور ہے، جبکہ سیاحت کے فروغ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری ہے۔ملاقات کے موقعہ پر اقوام متحدہ نے 12 سال بعد اسلام آباد کا بین الاقوامی سطح پر فیملی اسٹیشن کا درجہ بحال کر دیا۔رواں برس جون میں اقوام متحدہ کے انٹرنیشنل سول سروس کمیشن کے چیئرمین کی جانب سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو ایک خط میں کہا گیا تھا کہ وہ پاکستان کو 'نان فیملی اسٹیشن' کے درجے سے نکال رہے ہیں جس کا اطلاق 14 جون 2019 سے ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اقوام متحدہ کے شعبہ تحفظ و سلامتی کے اَنڈر سیکریٹری جنرل کی سفارش پر کیا، جنہوں نے اسلام آباد کی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا اور اقوام متحدہ کے ملازمین پر اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی عائد پابندی ہٹانے کی سفارش کی۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ نے اسلام آباد کا فیملی اسٹیشن کادرجہ 2008 میں میریٹ ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد واپس لے لیا تھا۔اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹل میریٹ میں 20 ستمبر 2008 کو ایک خود کش بمبار نے بارود سے بھرا ٹرک دھماکے سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں 60 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔